کھیل

ورلڈکپ میں بارش کا راج برقرار، بنگلہ دیش-سری لنکا کا میچ بھی منسوخ

مسلسل بارش کے سبب ٹاس بھی ممکن نا ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے دوران بارش کی مداخلت کا سلسلہ جاری ہے اور مسلسل بارش کے سبب سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بغیر ٹاس کے منسوخ کردیا گیا۔

برسٹل میں کھیلا جانے والا یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 2:30 پر شروع ہونا تھا تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے اب تک ٹاس بھی ممکن نا ہوسکا۔

امپائرز نے اس دوران کئی مرتبہ گراؤنڈ کا معائنہ کیا لیکن شدید بارش کے سبب میچ شروع کرنا ممکن نہ ہو سکا اور گراؤنڈ اسٹاف میدان کو میچ کے قابل نہ بنا سکا۔

گراؤنڈ اسٹاف مشین کے ذریعے میدان میں جمع بارش کا پانی ایک جانب پھینک رہا ہے— فوٹو: اے پی

بالآخر امپائرز اور میچ ریفری نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ کو ختم کرنے کا اعلان کردیا اور اس طرح دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ عا؛لمی کپ میں تیسرا میچ ہے جو بارش کی نذر ہوا ہے، اس سے قبل سری لنکا اور پاکستان کے درمیان میچ بھی ممکن نہ ہو سکا تھا جبکہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کو بھی بارش کے سبب ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔

دونوں ٹیموں کے لیے ورلڈکپ کے سیمی فائنل مقابلوں کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل تھا اور دونوں ہی ٹیمیں یہ جیتنے کی خواہشمند تھیں۔