آسٹریلوی شکست کے لیے آئی پی ایل کو ذمہ دار کیوں ٹھہرایا جارہا ہے؟
بھارت نے آسٹریلیا کو ویسے ہی ہرایا جیسے وہ گزشتہ کئی سالوں سے جیت رہی ہے۔ یعنی پہلے ڈرایا، دھمکایا اور پھر میچ ہرایا۔
ورلڈ کپ میں اب تک 14 میچ کھیلے جاچکے ہیں اور ان 14 میچوں میں سے پاکستان بمقابلہ انگلینڈ وہ واحد میچ ہے جو سنسنی خیزی کی تعریف پر پورا اترا ہے، ورنہ تو ہر میچ بغیر دلچسپی لیے ختم ہوگیا۔
گزشتہ روز بھارت اور آسٹریلیا کا اہم میچ لندن کے تاریخی میدان اوول میں کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد قوی امید تھی کہ یہ بہت ٹکر کا میچ ہوگا، لیکن آسٹریلوی ٹیم نے اپنی ناقص کارکردگی کے ذریعے سب کو غلط ثابت کردیا۔
کل بھارت نے آسٹریلیا کو بالکل ویسے ہی شکست دی، جیسے آسٹریلوی ٹیم گزشتہ کئی سالوں سے باقی ٹیموں کو دے رہی تھی۔ یعنی صرف میچ نہیں ہرایا، بلکہ پہلے ڈرایا، دھمکایا، خوفزدہ کیا اور پھر میچ ہرایا، وہ بھی مکمل گرفت کے ساتھ۔