ورلڈکپ: جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ
کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں ایک اور میچ بارش کی نذر ہو گیا اور ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں: کیا آسٹریلین باؤلر نے بال ٹیمپرنگ کی؟ ویڈیو پر تنازع کھڑا ہوگیا
اننگز کے آغاز میں ہی 11 کے مجموعے پر جنوبی افریقہ کے اہم بلے باز ہاشم آملا 6 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ شیلڈن کوٹریل نے ایک اور وکٹ حاصل کرتے ہوئے پانچ رنز بنانے والے ایڈن مرکرم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
میچ کے آٹھویں اوور کی تیسری گیند کے بعد بارش کے سبب میچ کو روک دیا گیا اور دونوں ٹیموں نے پویلین کی راہ لی۔
یہ بھی پڑھیں: کوہلی نے ورلڈ کپ میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی نئی مثال قائم کردی
اس کے بعد امپائرز نے میچ کے آغاز کے لیے کئی مرتبہ گراؤنڈ کا معائنہ کیا لیکن مسلسل بارش کے سبب دونوں کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ کو منسوخ کردیا گیا۔