کیا آسٹریلین باؤلر نے بال ٹیمپرنگ کی؟ ویڈیو پر تنازع کھڑا ہوگیا
انگلینڈ میں جاری ورلڈکپ کے دوران آسٹریلین اسپنر ایڈم زامپا کی ایک مشکوک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس کے بعد ان پر بھی بال ٹیمپرنگ کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارت کے خلاف اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلین اسپنر ایڈم زامپا اپنی جیب سے کچھ نکال کر گیند پر ملتے ہوئے دیکھے گئے جس سے سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل کی یاد تازہ ہوگئی۔
مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹ بورڈ اور دھونی نے آئی سی سی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے
2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں کیمرون بین کرافٹ کو جیب سے کچھ نکال کر گیند پر ملتے ہوئے دکھایا گیا تھا جس کے بعد بال ٹیمپرنگ کا تنازع کھڑا ہوا تھا۔
اس وقت کے آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ نے بال ٹیمپرنگ کے الزام کو تسلیم کیا تھا جس کے بعد آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے اسمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی جبکہ بین کرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی لگائی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: نڈال نے تاریخ رقم کردی، 12واں فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا
آسٹریلیا کے ورلڈکپ کے ابتدائی دو میچوں میں 4 وکٹیں لینے والے ایڈم زامپا شروع سے ہی غیر موثر رہے اور میچ میں انہوں نے 6 اوورز میں 50 رنز دیے اور وکٹ نہ لے سکے۔
اب دیکھتے ہیں کہ ایڈم زامپا کی اس حرکت کے خلاف کوئی ایکشن لیا جاتا ہے یا نہیں کیونکہ اگر ایسا ہوا تو ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلین اسپنر بڑی مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔