کرکٹ ورلڈ کپ 2019: آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 15 رنز سے شکست دے دی
ہولڈر اور ہوپ کی نصف سنچریاں بھی رائیگاں، کیریبیئن ٹیم 289 رنز کے تعاقب میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 273 رنز بناسکی۔
برطانیہ میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے دسویں میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 289 رنز کا تعاقب کرتے ویسٹ انڈیز کی ٹیم 273 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہوپ اور ہولڈر کی نصف سنچری بھی کیریبیئن ٹیم کے کام نہ آسکی، ٹیم نے 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے مچلز اسٹارک نے 5 جبکہ کمنز نے 2 اور زمپا نے ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہوپ نے 68 رنز، ہولڈر نے 51 اور پوران نے 40 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تاہم کوئی بھی ویسٹ انڈیز کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکا۔
آسٹریلیا کے کاؤنٹر نائیل 92 رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے۔
اس سے قبل کیریبئن باؤلرز نے میچ کے ابتدا ہی سے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو دباؤ میں لیے رکھا تھا۔