سر پر گیند لگنے کا مسئلہ، آئی سی سی کا نیا انقلابی قانون لانے کا فیصلہ
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سر میں چوٹ لگنے کے سبب میدان سے باہر جانے والے کھلاڑی کے متبادل کو بیٹنگ اور فیلڈنگ کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا ہے اور رواں سال اس کی اجازت دیے جانے کا قوی امکان ہے۔
سر میں چوٹ لگنے والے کھلاڑی کے متبادل کو کھیلنے کی اجازت کا سلسلہ تجرباتی بنیادوں پر ڈومیسٹک کرکٹ میں اکتوبر 2017 سے شروع کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹین آئی پی ایل کھیلنے نہ جاتے تو آج ٹھیک ہوتے، جنوبی افریقی کپتان
کرکٹ میں سر میں لگنے والی چوٹ کے بڑھتے ہوئے حادثات کے سبب آئی سی سی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں تجرباتی بنیادوں پر متبادل کو بیٹنگ اور باؤلنگ کی اجازت کا فیصلہ کیا تھا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ، آسٹریلیا، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ اپنے ڈومیسٹک کرکٹ میں سر پر گیند لگنے کی صورت میں متبادل کو میدان میں اتارنے کی اجازت دے چکے ہیں۔
اگر آئی سی سی کسی کھلاڑی کی انجری کی صورت میں متبادل کو کھیلنے کی اجازت دینے کا قانون منظور کرتا ہے تو یہ کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرا موقع ہو گا کہ متبادل کی اجازت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈکپ میں بھارت کا پہلا میچ اتنی تاخیر سے کیوں؟
اس سے قبل 2005 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 'سُپر سب' کے قانون کو تجرباتی بنیادوں پر آزمایا تھا جسے ون ڈے میچوں کے دوران استعمال کرتے ہوئے کسی کھلاڑی کی جگہ دوسرے کھلاڑی کو میدان میں بلا جا کر بیٹنگ اور باؤلنگ کرائی جا سکتی تھی لیکن اس قانون کو 12ماہ کے اندر ہی ختم کردیا گیا تھا۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں حالیہ ڈیڑھ سالوں میں اس قانون کا استعمال کیا گیا تو انجری کی صورت میں کھلاڑی کا متبادل وہی کھلاڑی آ سکتا تھا جو اس کی خاصیت ہو مطلب بلے باز کی جگہ بلے باز اور باؤلر کی جگہ باؤلر۔