کھیل

بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر ہم اچھا نہیں کھیلے، سرفراز

ٹاس ہارنے کے بعد ابتدا میں دو تین وکٹیں جلد گنوا دیں تو پھر میچ میں واپسی مشکل ہو جاتی ہے، کپتان پاکستان ٹیم

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی تھی لیکن ہم نے اچھی بلے بازی نہیں کی۔

ناٹنگھم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7وکٹوں سے شکست دے دی جہاں پاکستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے صرف 105رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف 3وکٹیں لینے کے باوجود مصباح الحق کی عامر پر شدید تنقید

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اگر آپ ٹاس ہارنے کے بعد ابتدا میں دو تین وکٹیں جلد گنوا دیں تو پھر میچ میں واپسی مشکل ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وکٹ پر ابتدائی آدھا گھنٹہ مشکل تھا لیکن یہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی اور ہم نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کیا۔

کپتان نے کہا کہ میرے خیال میں ہمیں مثبت کرکٹ کھیلنا چاہیے تھی لیکن ہم نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی تاہم امید ہے کہ ہم اگلے میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقص کارکردگی، کئی بدترین ریکارڈز پاکستانی ٹیم کے نام

سرفراز نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ ویسٹ انڈیز کے پاس ایسے فاسٹ باؤلرز ہیں جو ہمارے لیے مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں لیکن ہم نے شارٹ گیندوں کو اچھے سے نہیں کھیلا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارا بُرا دن تھا، لیکن ہم ایونٹ میں بھرپور انداز میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان پہلے معرکے میں ناکام، ویسٹ انڈیز کا ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز

قومی ٹیم کے کپتان نے محمد عامر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ باؤلر نے اچھی باؤلنگ کی، ہمیں انگلینڈ میں ہمیشہ بہت سپورٹ ملتی ہے اور اس پر شائقین کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کا اگلا میچ میزبان اور فیورٹ انگلینڈ سے ہو گا۔