ورلڈ کپ کے پانچ متنازع ترین مقابلے
تھا جس کا انتظار وہ شاہکار آ گیا! مقبولیت میں چاہے ٹی 20 کرکٹ آسمان کی بلندیوں کو چھو لے لیکن کرکٹ میں جو حیثیت ون ڈے ورلڈ کپ کو حاصل ہے، وہ کسی ٹورنامنٹ کی نہیں۔
44 سال کی تاریخ میں کرکٹ ورلڈ کپ میں ہم نے کئی نشیب و فراز دیکھے۔ 1992ء جیسے انتہائی کامیاب ٹورنامنٹ سے لے کر 2007ء میں ہر لحاظ سے ایک مایوس کن ورلڈ کپ تک، جہاں کرکٹ شائقین کو کئی یادگار لمحات میسر آئے، وہی کئی مواقع ایسے بھی رہے جن کی تلخی آج بھی محسوس کی جاسکتی ہے۔
کرکٹ شائقین، چاہے ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو، یہی کہتے ہیں کہ کاش کہ ورلڈ کپ میں ایسے لمحات نہ آتے۔ آئیے بات کرتے ہیں کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ کے متنازع ترین لمحات کی۔
5: گاوسکر کی گھونگھا چال
پہلا ورلڈ کپ، پہلا میچ اور پہلا تنازع۔ میزبان انگلینڈ اور بھارت نے ورلڈ کپ 1975ء کا افتتاحی مقابلہ 'کرکٹ کے گھر' یعنی لارڈز میں کھیلا۔ بھارت کو 60 اوورز میں 335 رنز کا ہدف ملا جو اپنے زمانے کے حساب سے ایک بہت بڑا اسکور تھا۔ امید تو یہی تھی کہ بھارت کے بلے باز کُھل کر کھیلیں گے لیکن بھارت کے بہترین بیٹسمین سنیل گاوسکر تک گویا آغاز سے پہلے ہی شکست تسلیم کرچکے تھے۔ گاوسکر نے 174 گیندیں کھیلیں اور صرف اور صرف 36 رنز بنائے۔
اگر اسے ون ڈے کرکٹ تاریخ کی بدترین اننگز کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ ایک ایسی اننگز جس پر انفرادی طور پر گاوسکر بھی تاعمر شرمندہ رہیں گے۔