ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا فیورٹ نہ ہونا اچھا ہے، وقار یونس
قومی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں فیورٹ کی حیثیت سے شرکت نہیں کرے گی جو ایک اچھی چیز ہے کیونکہ پاکستانی ٹیم ماضی میں بڑے ایونٹس میں کرشماتی کارکردگی دکھاتی رہی ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2019 کا آغاز 30مئی سے میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سے ہو رہا ہے اور پاکستانی ٹیم اپنا پہلا 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری
عالمی کپ سے قبل پاکستانی ٹیم کی فارم ایک لمحہ فکریہ ہے جہاں اسے اپنے گزشتہ 13 میں سے 11 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دو میچ بارش کی نذر ہوئے۔
تاہم قومی ٹیم کی تسلسل کے ساتھ ناقص کارکردگی کے باوجود وقار یونس کا ماننا ہے کہ پاکستانی ٹیم بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں فیورٹ کی حیثیت سے شرکت نہیں کرے گی اور انہیں اپنے ابتدائی میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہو گی، اگر قومی ٹیم شروع میں اپنے ایک دو میچ ہار گئی تو پھر ٹورنامنٹ میں واپسی ہمالیہ سر کرنے جیسا ہو گا۔