کھیل

’بھارتی ٹیم کو گھبرانا نہیں چاہیے‘

ابھی تک ٹورنامنٹ باضابطہ طور پر شروع نہیں ہوا، ٹیم کو یہاں کنڈیشنز سمجھنے میں ایک دو میچز لگیں گے،سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کھلاڑی سچن ٹنڈولکر نے اپنی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ 2019 کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست کے باوجود ٹیم کو گھبرانا نہیں چاہیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں اس ٹیم کو ہر میچ کے بعد جج کرنا شروع نہیں کروں گا، یہ ایک ٹورنامنٹ ہے اور یہاں ایسا (شکست کا منہ دیکھنا) ہوگا۔

سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ ابھی تک ٹورنامنٹ باضابطہ طور پر شروع نہیں ہوا ہے، تاہم ٹیم کو انگلینڈ میں کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں ایک دو میچز لگیں گے۔

مزید پڑھیں: کیا پاکستان اور بھارت کی وارم اپ میچ میں شکستیں نیک شگون ہیں؟

بیٹنگ لیجنڈ کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کو پریکٹس میچز سے زیادہ سے زیادہ سیکھنا چاہیے، ٹیم کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ انہیں کس طرح کی وکٹیں ملنے والی ہیں، انہیں یہاں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 5 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کرے گی۔

سچن ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں شامل ٹیمیں وارم اپ میچز میں مختلگ کھلاڑیوں اور مختلف کمبی نیشن کو آزما رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ وارم اپ: بھارت کو شکست، آسٹریلیا نے انگلینڈ پر دھاک بٹھا دی

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے وارم اپ میچ میں بھارتی ٹیم کو پہلے 179 رنز پر آل آؤٹ کرکے اسے 6 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دوچار کردیا تھا۔

گرین وکٹ پر ورلڈکپ فیوریٹ بھارت کے بلے باز کیوز کے لیے ترنوالہ ثابت ہوئے تھے، تاہم بھارت کے سابق کرکٹر ٹیم کی اچھی کامیابی کے بعد پر امید ہیں۔

ایونٹ کا سب سے بڑا میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 16 جون کو مانچسٹر کے اولڈ ٹرفرڈ پر کھیلا جائے گا۔