کھیل

ورلڈ کپ وارم اپ: بھارت کو شکست، آسٹریلیا نے انگلینڈ پر دھاک بٹھا دی

نیوزی لینڈ نے بھارت کو 6 وکٹوں سے اور آسٹریلیا نے میزبان ٹیم انگلینڈ کو 12 رنز سے شکست دی۔

ورلڈ کپ 2019 کے وارم اپ میچز میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو اور آسٹریلیا نے میزبان ٹیم انگلینڈ کو شکست دے دی۔

اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے وارم اپ میچ میں بھارت کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 39.2 اوورز میں 179 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے ابتدائی 3 وکٹیں گرا کر بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی تھی۔

اس مشکل وقت میں روندرا جدیجا 54 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔

مزید پڑھیں: وارم اپ میچ میں سری لنکا ناکام، جنوبی افریقہ 87رنز سے فاتح

دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما اور شیکھر دھون 2، 2، کپتان ویرات کوہلی 18، لوکیش راہول 6، ہرڈک پانڈیا 30، مہندرا سنگھ دھونی 17، دنیش کارتھک 4، بھنیشور کمار ایک اور کلدیپ یادیو 19 رنز بنا سکے۔

کیویز باؤلر بولٹ نے 4، نیشم نے 3، ٹم ساؤتھی، کولن ڈی گرینڈ ہوم اور لوکی فرگوسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 38ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں روز ٹیلر اور کپتان کین ولیمسن نے بالترتیب 71 اور 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

مارٹن گپٹل 22 اور کولن منرو 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ہنری نیکولز 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں سے باآسانی کامیابی حاصل کر لی۔

بھارت کی جانب سے بمرا، پانڈیا، چاہل اور جدیجا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

انگلینڈ کےخلاف آسٹریلیا فاتح

ساؤتھ ایمپٹن میں کھیلے گئے دوسرے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے بیٹنگ کا آغاز کیا جہاں اسے 19 کے مجموعی اسکور پر ہی پہلی وکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور کپتان ایرون فِنچ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ڈیوڈ وارنر نے 43 رنز بنائے اور 82 کے مجموعے پر پویلین لوٹے۔

آسٹریلوی بلے باز اسٹیون اسمتھ نے سینچری بنائی — فوٹو: اے ایف پی

اس موقع پر اسٹیون اسمتھ میدان میں اترے جنہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 102 گیندوں پر 116 رنز بناکر ٹیم کو قابل دفاع اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسمتھ نے اپنی اننگز میں 3 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔

دیگر کھلاڑیوں میں شان مارش 30، عثمان خواجہ 31، مارکَس اسٹوئنِس 13، الیکس کارے 30، نیتھن کولٹر نائل اور ایڈَم زامپا ایک، ایک رنز بنا سکے۔

آسٹریلیا نے مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے، انگلینڈ کے لیام پلنکٹ نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ورلڈ کپ تیاریوں کی قلعی کھل گئی، افغانستان کے ہاتھوں شکست

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے جیسن رائے اور جونی بیرسٹو نے ٹیم کو 39 رنز کی شراکت فراہم کی، تاہم پہلی وکٹ گرنے کے بعد جیمز وِنس اور کپتان جو بٹلر کے علاوہ کوئی کھلاڑی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹک سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

جیمز ونس نے 64 اور جو بٹلر نے 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کے تمام کھلاڑی آخری اوور میں 285 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور آسٹریلیا نے 12 رنز سے فتح سمیٹ لی۔

واضح رہے کہ اتوار کو وارم اپ میچز میں پاکستان کی ٹیم بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کی ٹیم ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گی۔