کھیل

وارم اپ میچ میں سری لنکا ناکام، جنوبی افریقہ 87رنز سے فاتح

جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ 2019 کے وارم اپ میچ میں سری لنکا کو باآسانی 87رنز سے شکست دے دی۔

جنوبی افریقہ نے ایندائل فلکوایو کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت ورلڈ کپ 2019 کے وارم اپ میچ میں سری لنکا کو باآسانی 87رنز سے شکست دے دی۔

کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا۔

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 338رنز بنائے، ہاشم آملا نے 65 اور کپتان فاف ڈیو پلیسی نے 69گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 88رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ وین در ڈوسن نے 40، ایندائل فلکوایو نے 35 اور کرس مورس نے 26رنز کی اننگز کھیلیں۔

سری لنکا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو لنگی نگیدی نے 10رنز پر لہیرو تھری مانے اور کوشل پریرا کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔

درمیانی اوورز میں کپتان دمتھ کرونا رتنے اور اینجلو میتھیوز کی 98رنز کی شراکت کے باوجود سری لنکا کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم 43ویں اوور کی پہلی گیند پر 251رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور جنوبی افریقہ نے میچ میں 87رنز سے فتح حاصل کی۔

سری لنکا کی جانب سے کرونا رتنے نے 87، میتھیوز 64 اور کوشل مینڈس 37رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جنوبی افریقہ کی جانب سے ایندائل فلکوایو نے 4 اور نگیدی نے 2 وکٹیں لیں۔