کھیل

ورلڈکپ 2019 کی فاتح ٹیم کو کتنی رقم ملے گی؟ آئی سی سی نے اعلان کردیا

اس مرتبہ ورلڈکپ میں شریک ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں ایونٹ کی فاتح، رنرز اپ، سیمی فائنلسٹ اور گروپ اسٹیج میں میچز جیتنے والی ٹیموں کے لیے انعامی رقم کا اعلان کردیا۔

کرکٹ امور چلانے والی عالمی تنظیم اس مرتبہ ورلڈکپ کھیلنے والی ٹیموں کے درمیان کل 10 کروڑ ڈالر بانٹے گا۔

آئی سی سی ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق اس ایونٹ میں فاتح ٹیم کو 40 لاکھ ڈالر کی رقم دی جائے گی، جبکہ رنرز اپ کو 20 لاکھ ڈالر ملیں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ 2015 میں فاتح ٹیم کو 37 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کے لیے 24رکنی کمنڑی پینل کا اعلان

اسی طرح فائنل سیمی فائنل میں پہنچن کر شکست کھا جانے والی 2 ٹیموں کو 8 ، 8 لاکھ ڈالر انعامی رقم دی جائے گی جو گزشتہ ایونٹ میں 6 لاکھ ڈالر تھی۔

سیمی فائنل کے لیے 4 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی جبکہ 6 ٹیمیں گروپ اسٹیج کے بعد ایونٹ سے باہر ہوجائیں گی جنہیں آئی سی سی ایک لاکھ ڈالر فی کس انعامی رقم دے گا۔

آئی سی سی رپورٹ کے مطابق گروپ اسٹیج کے ہر میچ کی فاتح ٹیم کو 40 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔

یاد رہے کہ کرکٹ کا 12واں ورلڈکپ رواں ماہ 30 مئی کو انگلینڈ اور ویلز کے میدانوں میں شروع ہورہا ہے جس کا فائنل 14 جولائی کو لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ میں ہونے والے اس عالمی میلے میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں مد مقابل ہوں گی جنہیں ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، جس کے تحت تمام ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے کل 9 میچز کھیلیں گی اور یوں مجموعی طور پر گروپ اسٹیج کے دوران 45 میچز کھیلے جائیں گے۔