ٹنڈولکر نے موجودہ دور کے بہترین باؤلر کا نام بتا دیا
عالمی شہرت یافتہ سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے ورلڈ کپ 2019 سے قبل دنیا کے سب سے خطرناک اور بہترین باؤلر کا نام بتاتے ہوئے اسے عالمی کپ کے لیے خطرناک قرار دے دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سچن ٹنڈولکر نے ہم وطن جسپریت بمراہ کو دنیا کا سب سے بہترین باؤلر قرار دیا۔
جسپریت بمراہ اس وقت ون ڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر موجود ہیں اور انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں بھی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے اپنی ٹیم ممبئی انڈینز کو چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
وہ نا صرف 19وکٹیں لے کر ایونٹ میں ممبئی کے سب سے کامیاب باؤلر رہے تھے بلکہ 14رنز کے عوض 2 وکٹیں لینے پر انہیں آئی پی ایل کے فائنل کا بھی مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔
ٹنڈولکر نے بمراہ کی مستقل عمدہ باؤلنگ پر انہیں سراہتے ہوئے کہا کہ میں بلا شک و شبہ ریکارڈ پر یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ بمراہ اس وقت دنیا کے بہترین باؤلر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ ان کی بہترین کارکردگی ابھی سامنے آنا باقی ہے۔
بھارت کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 5 جون سے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کرے گی جبکہ ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 16 جون کو کھیلا جائے گا۔