کھیل

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا حیران کن کارنامہ، پلاسٹک کی بوتلوں سے کٹ تیار

بورڈ نے ٹیم کی کٹ میں شامل قیمض اور ٹراؤزر کو عام دھاگے سے نہیں بلکہ مخصوص قسم کے دھاگے سے تیار کیا ہے۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ نے ساحل سمندر پر پڑی ہوئی استعمال شدہ پلاسٹک کی بوتلوں کو ری سائیکل کرتے ہوئے کرکٹ ورلڈکپ کے لیے ٹیم کی جرسی تیار کرکے دنیا کو حیران کردیا۔

ورلڈ کپ 2019 کا میلہ انگلینڈ میں سجنے جارہا ہے جس کا آغاز رواں ماہ کے اختتام پر ہوجائے گا جہاں پہلے میچ میں میزبان ملک جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گا۔

کرکٹ کے 12ویں عالمی کپ میں 10 ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی جن کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جبکہ ایونٹ میں شریک ٹیموں کے کرکٹ بورڈز کی جانب سے ٹیم کی کٹ کی رونمائی بھی کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: سری لنکا نے ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کی سیکیورٹی سخت کردی

اسی سلسلے میں ایشیائی ملک سری لنکا نے بھی اپنی کٹ متعارف کروائی تاہم یہ کٹ دیگر ممالک کی کٹ کے مقابلے میں اپنی حیثیت میں بالکل منفرد ہے۔

بظاہر سری لنکا کے روایتی نیلے رنگ میں بنی یہ کٹ دیکھنے میں ایک عام کٹ دکھائی دے رہی ہے تاہم اس کی بناوٹی کہانی کچھ اور ہے۔

سری لنکن بورڈ نے اس مرتبہ ٹیم کی کٹ میں شامل قیمض اور ٹراؤزر کو عام دھاگے سے نہیں بلکہ مخصوص قسم کے دھاگے سے تیار کیا ہے۔

سابق عالمی چیمپیئن ٹیم کی جرسی کی تیاری کے لیے پلاسٹک کا استعمال کیا گیا۔

ایک فلاحی ادارے ایم اے ایس نے سمندری آلودگی اور سمندری حیات کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مہم چلائی جس میں ساحل پر موجود پلاسٹک استعمال شدہ تمام بوتلوں کو جمع کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی

ان بوتلوں کو ری سائیکل کرتے ہوئے پہلے اس کی مدد سے دھاگہ بنایا گیا جس کے بعد اس دھاگے سے ٹیم کی جرسی تیار کی گئی۔

ادارے کی ڈائریکٹر ماحولیاتی استحکام شریکا سینانائیکے نے بتایا کہ چونکہ سری لنکا ایک ساحلی ملک ہے، تاہم اس پورے ساحل کو آلودگی سے پاک کرنے کے لیے سری لنکا بحریہ اور کرکٹ بورڈ کے تعاون سے اس منصوبے کو مکمل کیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ اسی طرح کا ماڈل دیگر لوگ بھی اپنائیں گے کیونکہ یہ ایک طرح کی ضائع شدہ چیز کو قیمتی چیز بنانے کا عمل ہے۔