کھیل

منشیات ٹیسٹ میں ناکامی: انگلینڈ کے کپتان کی الیکس ہیلز پر سخت تنقید

بدقسمتی سے الیکس ہیلز کی حرکت کی وجہ سے ہمارے ٹیم کے اقدار کو ٹھیس پہنچی ہے، ایون مورگن

انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے الیکس ہیلز پر منشیات کے ٹیسٹ میں دوسری بار ناکامی کے بعد الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ٹیم کے اقدار کا بالکل خیال نہیں رکھا۔

خیال رہے کہ الیکس ہیلز کو دوسری مرتبہ منشیات کے ٹیسٹ میں فیل ہونے پر انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

تاہم ان کی 21 روزہ پابندی کی خبر سامنے آنے کے بعد انگلینڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر الیکس ہیلز کو کرکٹ سے علیحدہ کیا جائے۔

انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے زور دیا ہے کہ وہ الیکس ہیلز کی پابندی کی تفصیلات کو اپنے قواعد کی وجہ سے عوام میں نہیں لاسکتے۔

ایون مورگن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’بدقسمتی سے الیکس ہیلز کی حرکت کی وجہ سے ہمارے ٹیم کے اقدار کو ٹھیس پہنچی ہے، اس سے الیکس ہیلز اور ٹیم کے درمیان بھروسہ بھی ختم ہوگیا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہفتے کے روز ہم سینئر کھلاڑیوں کے گروہ کے طور پر جمع ہوئے تھے تاکہ اس خبر سے ہماری ٹیم اور ہماری روایات پر پڑنے والے اثرات پر بحث کر سکیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم تمام افراد اس بات پر متفق ہوئے کہ الیکس کو اسکواڈ سے نکالا جائے، میں نے یہ بات انگلینڈ کے ٹیم ڈائریکٹر ایشلے گلز سے کہی کیونکہ ہم خود سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرسکتے تھے، میں صرف چینجنگ روم میں اپنا نظریہ دے سکتا ہوں کہ سب کیسا محسوس کر رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ہم نے اس سے نمٹ لیا ہے‘۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم میدان سے باہر کے تنازعات سے دور رہنے کی کوشش کر رہی ہے اور عالمی چیمپیئن بننے کے لیے پرعزم ہے۔