کھیل

ورلڈ کپ 2019: میچ آفیشلز کا اعلان، پاکستان کے علیم ڈار بھی شامل

16 امپائرز اور 6 میچ ریفریز 30 مئی سے 14 جولائی تک دنیائے کرکٹ کی 10 بہترین ٹیموں کے میچز میں فرائض انجام دیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے 16 امپائرز اور 6 میچ ریفریز کا اعلان کردیا، جس میں پاکستانی امپائرز علیم ڈار بھی شامل ہیں۔

آئندہ ماہ کے آخر میں انگلینڈ اور ویلز میں شروع ہونے والے عالمی کپ کے لیے ان 22 آفیشلز کا انتخاب کیا گیا ہے جو 30 مئی سے 14 جولائی تک دنیائے کرکٹ کی 10 بہترین ٹیموں کے میچز میں فرائض انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ علیم ڈار مزید دو ون ڈے میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے کے بعد 200 میچوں میں نمائندگی کرنے والے دنیا کے تیسرے امپائر بن جائیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا تھا کہ اوول کے میدان میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان افتتاحی میچ میں ڈیوڈ بون میچ ریفری ہوں گے جبکہ کمار دھرماسینا دو فیلڈ امپائرز میں سے ایک ہوں گے اور پال رائفل تھرڈ امپائر کے طور پر فرائض نبھائیں گے۔

مزید پڑھیں: وسیم اکرم، وزیراعظم عمران خان آل ٹائم ورلڈ کپ الیون میں شامل

ڈیوڈ بون آسٹریلیا کی اس ٹیم میں شامل تھے جس نے ایلن بورڈر کی قیادت میں 1987 میں پہلی مرتبہ عالمی کپ کا ٹائٹل جیتا تھا، اسی طرح کمار دھرماسینا 1996 کی ارجنا رانا ٹنگا کی چیمپئن ٹیم کا حصہ تھے جبکہ پال رائفل 1999 میں اسٹیووا کی قیادت میں ولڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے۔

آئی سی سی کی جانب سے آفیشلز میں ایان گولڈ کا نام بھی شامل کیا گیا ہے جو 1983 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے وکٹ کیپر تھے، انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے۔

ایان گولڈ 74 ٹیسٹ میچز، 135 ایک روزہ میچز اور 37 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں فرائض انجام دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی فروخت عارضی طور پر کیوں روکی؟

عالمی کپ کے امپائرز میں پاکستان کے علیم ڈار بھی شامل ہیں، جو پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ میں فرائض انجام دیں گے۔

ورلڈ کپ آفیشلز

میچ ریفریز: کرس بروڈ، ڈیوڈ بوون، اینڈے پےکروفٹ، جیف کرو، رنجن مدوگالے، ریچی رچرڈسن۔

امپائرز: علیم ڈار، کمار دھرماسینا، ماریس ایرسمس، کرس گافانے، این گولڈ، رچرڈ النگ ورتھ، رچرڈ کیٹل بارو، نائگل لونگ، بروس اوکسن فورڈ، سندارام روی، پال رائفل، روڈ ٹکر، جوئل ولسن، مائیکل گوف، روچیرا پالیاگورو اور پال ولسن