کھیل

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ہم جنس خواتین کھلاڑیوں کی شادی

دونوں خواتین کھلاڑی ایک ہی ٹیم کے لیے کھیلتی ہیں، ان سے قبل بھی چند ہم جنس پرست خواتین نے شادیاں کی ہیں۔

آسٹریلیا میں ہونے والی ’ویمن بگ بیش لیگ‘ (ڈبلیو بی بی ایل) کی ٹیم ’میلبورن اسٹارز‘ کی 2 خواتین کرکٹرز نے شادی کرلی۔

میلبورن اسٹارز کی بالر آسٹریلوی کرکٹر 32 سالہ نکولا ہنکاک اور نیوزی لینڈ کی بلے باز 26 سالہ ہیلی جینسن نے شادی کرکے طویل عرصے سے قائم اپنے تعلقات کو رشتے میں بدلا۔

ڈبلیو بی بی ایل نے ٹوئٹر پر دونوں کو شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں کرکٹرز نے گزشتہ ہفتے شادی کی۔

شادی کے بندھن میں بندھنے والی دونوں کھلاڑیوں نے بھی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کیا۔

نکولا ہنکاک نے اپنے انسٹاگرام پر پارٹنر ہیلی جینسن کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 12 اپریل کو شادی کی۔

شادی کے موقع پر دونوں نے سفید لباس پہنا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

ہیلی جینسن نے بھی انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کیں۔

کرکٹر نے شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کے ہم جنس پرست شادی قوانین کے تحت شادی کی۔

نیوزی لینڈ میں ہم جنس پرست شادیوں کو قانونی حیثیت حاصل ہے۔

نیوزی لینڈ نے 2013 میں ہم جنس شادیوں کو جائز قرار دیا تھا۔

نکولا ہنکاک اور ہیلی جینسن سے قبل بھی نیوزی لینڈ کی خواتین کھلاڑیوں ایمی سیٹرویٹ اور لی تہاؤ نے بھی گزشتہ برس مئی میں شادی کی تھی۔

سب سے پہلے ایمی سیٹرویٹ اور لی تہاؤ نے شادی کی تھی—فوٹو: اسٹف ڈاٹ این زیڈ

ایمی سیٹرویٹ اور لی تہاؤ کے درمیان بھی کئی سال سے تعلقات تھے اور دونوں کو ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا جاتا تھا۔

دونوں نے طویل تعلقات کو مئی 2018 میں شادی کے رشتے میں بدلا تھا۔

ایمی سیٹرویٹ اور لی تہاؤ شادی سے قبل بھی اپنے تعلقات کو سر عام تسلیم کرتی تھیں—فائل فوٹو: نیوز ہب

ان کے بعد جولائی 2018 میں جنوبی افریقہ کی خواتین کھلاڑیوں نے بھی شادی کی تھی۔

جولائی 2018 میں جنوبی افریقن ٹیم کی سابق کپتان 25 سالہ ڈینے وین نیکرک نے اپنی ٹیم کی ہی 29 سالہ میریزان کیپ سے شادی کی تھی۔

جنوبی افریقن کھلاڑیوں ڈینے وین نیکرک اور میریزان کیپ نے جولائی 2018 میں شادی کی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

اسی طرح اگست 2018 میں آسٹریلین ٹیم کی سابق نائب کپتان اور 35 سالہ آل راؤنڈر ایلکس بلیک ویل نے برطانوی کرکٹر 32 سالہ لینسی آسکیو سے شادی کی تھی۔

نہ صرف کرکٹ بلکہ دیگر کھیلوں کی چند خواتین نے بھی ساتھی خواتین سے شادیاں کر رکھی ہیں۔

ایلکس بلیک ویل اور لینسی آسکیو نے بھی 2018 میں شادی کی—فائل فوٹو: کرکٹ ڈاٹ اے یو

علاوہ ازیں شوبز، فیشن اور سیاست سے تعلق رکھنے والی چند عالمی شہرت یافتہ خواتین نے بھی ہم جنس شادیاں کی ہیں۔

امریکن باسکٹ بال کھلاڑی ایلینا ڈیل ڈون نے 2017 میں ساتھی امنڈا کلفٹن سے شادی کی—فائل فوٹو: واشنٹگن پوسٹ

امریکی کامیڈین ایلین ڈی گینرز اور آسٹریلوی ماڈل و اداکارہ پورشیا ڈی روسی کی جوڑی بھی مشہور ہے اور دونوں نے کئی سال ایک ساتھ گزارے، انہوں نے بھی جنس مخالف سے شادی کرنے کے بجائے ہم جنس پرستی کو ترجیح دی۔

ایلین ڈی گینرز اور پورشیا ڈی روسی کی جوڑی کو بھی سراہا جاتا رہا—فائل فوٹو: گوسپ کاپ

برطانوی ریاست اسکاٹ لینڈ کی رکن پارلیمنٹ رتھ ڈیوڈسن اور جین ولسن کی جوڑی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، دونوں سخت تنقید کے باوجود ایک دوسرے سے تعلقات نبھاتی رہیں۔

رتھ ڈیوڈسن اور جن ولسن کو تنقید کا سامنا رہا—فائل فوٹو: دی کوریئر