کھیل

’آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے ذریعے نوجوان کھلاڑی ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنا سکتے ہیں‘

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران کپتان سرفراز احمد سمیت 6کھلاڑیوں کو آرام کا موقع فراہم کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کا بہترین موقع ہے اور وہ اس کی بدولت ورلڈ کپ اسکواڈ میں بھی جگہ بنا سکتے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا آج سے شارجہ میں آغاز ہو گیا ہے اور کپتان سرفراز احمد سمیت چھ اہم کھلاڑیوں کو آرام کا موقع فراہم کیا گیا ہے، دیگر کھلاڑیوں میں حسن علی، بابر اعظم، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

مکی آرتھر نے کہا کہ ہم نے کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ انتہائی سوچ سمجھ کر کیا اور ہم نے اس سیریز میں بینچ پر موجود کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جانچنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ورلڈ کپ سے قبل اپنے فائنل اسکواڈ اور کامبی نیشن کا تعین کر سکیں۔

اسکواڈ میں شامل اوپنر شان مسعود اور اب تک پاکستان کی نمائندگی نہ کرنے والے عابد علی ڈومیسٹک کرکٹ میں تواتر کے ساتھ رنز اسکور کر رہے ہیں جبکہ سعد علی نے بھی گزشتہ سیزن میں 900 سے زائد رنز بنائے تھے۔

فاسٹ باؤلر محمد عباس ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں اور ان سے محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی کی امید ہے جبکہ نوجوان محمد حسنین نے پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) میں اپنی تیز باؤلنگ سے ہر خاص و عوام کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔

اسی طرح پی ایس ایل میں بہتر فٹنس اور فارم کا مظاہرہ کرنے پر عمر اکمل کو بھی اسکواڈ میں طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوان انگلش کرکٹر نے 25گیندوں پر سنچری اسکور کردی

آرتھر نے کہا کہ اس سیریز کے بعد ہماری انگلینڈ سے سیریز ہے جس میں ہر کھلاڑی کا کردار پہلے سے چے شدہ ہو گا اور ہمیں پتہ چل چکا ہو گا ہمارا اسکواڈ کس کارکردگی کا حامل ہے، ہم نے ورلڈ کپ کے لیے بہترین اسکواڈ تشکیل دینے کے لیے اپنے جانتے بہترین کوشش کی ہے۔

پاکستان کی ٹیم عالمی کپ سے قبل میزبان انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے موقع ہے اور یہ بات جاننے کے لیے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں کہ ہمیں ورلڈ کپ کے لیے کچھ پوزیشنز کا تعین کرنا ہے، پاکستان ٹیم میں 4 جگہیں دستیاب ہیں لہٰذا یہ کھلاڑی اس سیریز کے ذریعے یہ جگہیں اپنے نام کر سکتے ہیں کیونکہ ہمیں ان پوزیشنز کے لیے کھلاڑی دستیاب نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک۔آسٹریلیا ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

اس موقع پر آرتھر نے سرفراز سمیت چھ کھلاڑیوں کو آرام کرانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز سمیت دیگر کھلاڑیوں کو آرام کی ضرورت تھی کیونکہ اگر یہ کھلاڑی کھیلتے رہتے تو ان کے انجری کا شکار ہونے کا خطرہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے ذریعے یہ کھلاڑی ٹیم میں آ کر عالمی کپ کی بہترین انداز میں تیاری اور اپنی فارم حاصل کر سکیں گے۔