’بھارت پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت سے نہیں روک سکتا‘
بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے اپنے ہی بورڈ کے منصوبے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت پر کسی بھی طرح پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔
پلوامہ حملے کے بعد بھارتی جارحیت رکنے کا نام لے رہی اور اب یہ جارحیت سفارتی سطح سے بڑھ کر کھیل سمیت دیگر شعبوں پر بھی بری طرح اثر انداز ہو رہی ہے۔
پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کا خواب دیکھنے والے بھارت نے اب کرکٹ کے میدانوں میں بھی اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی ایتھلیٹس کو ویزا دینے سے انکار، بھارت پر پابندی کا امکان
بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے تعینات کی گئی کرکٹ کی انتظامی کمیٹی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین کو لکھنے جانے والے خط کا مسودہ تیار کر لیا ہے جس میں ان سے درخواست کی جائے گی کہ آئی سی سی پاکستان کی ورلڈ کپ 2019 میں شرکت پر پابندی عائد کرے۔
جنگی جنون میں مبتلا بھارت کے کرکٹ بورڈ کی کمیٹی کی جانب سے تیار کیے گئے اس خط کے مسودے میں دھمکی بھی دی گئی ہے کہ اگر پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت سے نہ روکا گیا تو بھارت ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ونود رائے قانونی مشاورت کے بعد اس بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے کہ اس سلسلے میں آئی سی سی سے رابطہ کیا جائے یا نہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمیٹی کے سربراہ کی منظوری کے بعد بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہول جوہری نے خط کا مسودہ تیار کیا۔