کھیل

سرفراز کو کپتان بنانا اچھا فیصلہ ہے، سابق کپتان کا ردِ عمل

شعیب ملک اور محمد حفیظ کی مبارکباد، شاہد آفریدی نے پی سی بی کا فیصلہ بہترین قرار دے دیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتانوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سرفراز احمد کو کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان بنائے جانے کے فیصلے کو اچھا اقدام قرار دے دیا۔

کھیلوں کے حلقوں میں انگلینڈ اور ویلز میں شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستانی کپتان سے متعلق چہ مگوئیاں اس وقت دم توڑ گئیں جب چیئرمین پی سی بی نے سرفراز احمد کو ہی عالمی کپ کے لیے قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

چیئرمی پی سی بی احسان مانی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کو ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا۔

اس اعلان کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتانوں نے پی سی بی کے اس فیصلے کو سراہا اور اسے ایک مثبت قدم قرار دیا۔

مزید پڑھیں: سرفراز کو ورلڈ کپ 2019 تک کپتان بنانے کا اعلان

بوم بوم شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اسے ایک بہترین فیصلہ قرار دیا۔

جارح مزاج ریکارڈ ساز آل راؤنڈر نے کہا کہ سرفراز احمد نے خود کو ایک لیڈر کے طور پر منوایا ہے اور انہیں (کپتان بنائے جانے پر) ہر جگہ سے حمایت ملنی چاہیے۔

انہوں نے سرفراز احمد سے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک بہترین موقع ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں اپنی کارکردگی سے اسے یاد گار بنائیں۔

ان کے علاوہ موجودہ ٹیم کے ساتھ موجود سابق کپتان شعیب ملک اور محمد حفیظ نے سرفراز احمد کو ورلڈ کپ کے لیے کپتان مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ شعیب ملک نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پچھلی مرتبہ کی طرح اس مرتبہ بھی انگلینڈ میں جیتیں گے۔

شعیب ملک نے اپنی بات کی وضاحت تو پیش نہیں کی تاہم ان کی ’پچھلی مرتبہ‘ سے مراد 2017 میں انگلینڈ میں ہی ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی ہوسکتی ہے۔

اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سرفراز احمد کو کپتان مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے سرفراز احمد کو پاکستان ٹیم کی بہتر سربراہی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ورلڈ کپ میں فتح یاب ہونے سے امیدیں وابستہ کرلیں۔

سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان نے فائنل میں روایتی حریف بھارتی کو شکست دے کر چیمپیئنز ٹرافی 2017 میں کامیابی حاصل کی تھی۔

خیال رہے کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ چیمپیئنز ٹرافی 2017 جیتے والی ٹیم کا حصہ تھے۔

واضح رہے کہ شیعب ملک 2009 میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا بھی حصہ تھے، اور یہ ایونٹ بھی انگلینڈ میں ہی منعقد ہوا تھا۔