پاکستان

سال 2018: غیر ملکیوں کی پاکستانیوں سے شادی کی شہ سرخیاں

محبت وہ جذبہ ہے،جس کا اظہارکبھی بھی، کہیں بھی، کسی سےبھی کیا جاسکتا ہے، اس کیلئے مخصوص وقت یا عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔

پیار اور محبت وہ جذبہ ہے، جس کا اظہار کبھی بھی، کہیں بھی، کسی سے بھی کیا جاسکتا ہے اور اس کے لیے کوئی مخصوص وقت یا عمر کی ضرورت نہیں ہوتی۔

محبت یا پیار صرف کسی فرد سے ہو یہ ضروری نہیں، بلکہ یہ کسی شے، کسی جانور، کسی کھیل بلکہ یوں کہیں کہ دنیا میں موجود ہر چیز سے ہوسکتی ہے۔

تاہم محبت کا یہ جذبہ عمومی طور پر مخالف جنس کی ایک دوسرے سے قربت کو کہا جاتا ہے اور پھر اس میں عمر، رنگ، نسل اور یہاں تک کہ ملک کو بھی پس پشت ڈال دیا جاتا ہے۔

اگرچہ مخالف جنس سے محبت میں کامیابی ملے یہ ضروری نہیں لیکن اس میں کامیابی کے بعد دو پیار کرنے والے تاعمر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجاتے ہیں۔

جہاں ایک طرف محبت کی ناکامیوں کی داستانیں امر ہوئی ہیں، تو وہیں اس میں کامیابی کی بھی بہت سی مثالیں ہیں، جس میں لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوکر اپنا گھر اور ملک چھوڑ دیتے ہیں۔

پاکستان کی بات کی جائے تو دنیا کے مختلف شعبوں میں اپنا لوہا منوانے والے پاکستانی مہمان نواز، دوستی اور محبت کے معاملے میں بھی کسی سے پیچھے نہیں، دنیا بھر کے مختلف ممالک کی خواتین کو پاکستان کی بہو جبکہ مردوں کو داماد بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

دیگر برسوں کی طرح سال 2018 میں بھی پاکستانیوں کی غیر ملکیوں سے شادی کا رجحان دیکھا گیا اور دوستی سے شروع ہونے والا تعلق رشتہ ازدواج تک لے آیا۔

یہاں ہم آپ کو بتائیں گے کہ سال 2018 میں کن پاکستانی لڑکے اور لڑکیوں نے غیرملکیوں سے شادی کی، جن کی شادی کی خبریں بھی ذرائع ابلاغ کی زینت بنی۔

کینڈین خاتون پاکستانی نوجوان کو دل دے بیٹھیں

سال 2018 کے آغاز میں ہی کینیڈین خاتون اگانیتھا نوجوان قیصر عباس کی محبت میں اپنا ملک چھوڑ کر پاکستان چلی آئیں اور دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

پاکستانی دلہا اور کینیڈین دلہن کی شادی روایتی انداز میں ہوئی—اسکرین شاٹ

ہوا کچھ یوں کہ ایک سال قبل فیس بک پر حافظ آباد کے گاؤں جلال پور بھٹیاں کے رہائشی قیصر عباس اور کینیڈا کی خاتون اگانیتھا کے درمیان دوستی ہوئی، جو آہستہ آہستہ محبت میں بدل گئی اور دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔

قیصر عباس کی جانب سے کینیڈین خاتون کو شادی کی پیش کش کی گئی، جسے وہ قبول کرتے ہوئے پاکستان آئیں اور اسلام قبول کرلیا۔

اسلام قبول کرنے کے بعد کینیڈین خاتون اگانیتھا کا نام عائشہ رکھا گیا جبکہ خاتون کو پاکستان آکر بہت خوشی محسوس ہونے کا متعدد بار ذکر کیا۔

پاکستانی نوجوان سے چینی دوشیزہ کی شادی

قیصر عباس اور اگانیتھا کی شادی کے چند ماہ بعد ہی لاہور سے ایک اور پاکستانی نوجوان کی غیر ملکی لڑکی سے شادی کی خبر سامنے آئی۔

چین سے تعلق رکھنے والی لڑکی لی چونگ محمد بلال سے شادی کرنے کے لیے پاکستان پہنچی اور دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

دونوں نوجوانوں کی محبت کی داستان فیس بک سے شروع ہوئی، جو سوشل میڈیا ایپ وی چیٹ سے ہوتی ہوئی رشتہ ازدواج تک پہنچی، بلال اور لی چونگ نے سیشن کورٹ میں شادی کی۔

بلال اور لی چونگ نے اپنی شادی کو میڈیا سے دور رکھا—اسکرین شاٹ

اس شادی کو ذرائع ابلاغ کی نظر سے کافی دور رکھنے کی کوشش کی گئی جبکہ جوڑے نے اپنی شادی کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔

چینی نوجوان اور پاکستانی لڑکی

اگرچہ پاکستانی نوجوانوں کی جانب سے غیر ملکی لڑکیوں کو پاکستان بلا کر شادی کا رجحان زیادہ دیکھا جاتا ہے، تاہم 2018 میں ایسے واقعات بھی ہوئے جس میں پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرنے کے لیے غیر ملکی لڑکے پاکستان پہنچے۔

چینی دلہے کو مختلف رسم و رواج کا سامنا کرنا پڑا—فائل فوٹو

اپریل کے مہینے میں پاک-چین دوستی سی پیک، سرمایہ کاری اور کاروبار سے بڑھ کر محبت اور رشتہ ازدواج میں بدلتے ہوئے دیکھی گئی اور چین سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوجوان بدھیو نے سرگودھا سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ شمع سے شادی کرلی۔

چینی نوجوان بدھیو اور پاکستانی لڑکی شمع کی یہ شادی بھی سوشل میڈیا کی دوستی کی ہی مرہون منت تھی۔

شادی کے لیے پاکستان آنے والے بدھیو کے ہمراہ ان کی والدہ اور بہنیں بھی سرگودھا پہنچی تھیں، یہ شادی پاکستان کے روایتی انداز میں ہوئی تھی۔

اس شادی میں دولہے کو دلہن کی بہنوں اور سہیلیوں کی جانب سے دودھ پلائی جیسی مختلف رسموں کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دلچسپ لمحہ تب آیا تھا جب چینی نوجوان نے یوآن میں رقم دی تو دلہن کی بہنوں نے پاکستانی روپے میں رقم دینے کا مطالبہ کیا۔

چینی نوجوان بھی پاکستانیوں کے نقش قدم پر

محبت کی ان شادیوں کی داستان یہی ختم نہیں ہوتی بلکہ اس شادی کے کچھ عرصے بعد ہی ایک اور چینی نوجوان پاکستانی لڑکی پر دل ہار بیٹھا۔

پنجاب کے شہر سرگودھا کی نبیلہ نے بھی اپنے ہی شہر کی لڑکی شمع کے نقش قدم پر چلتے ہوئے چینی لڑکے سے شادی کی۔

پنجاب میں کسی تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے چینی لڑکے شیا لان چانگ سرگودھا کی نبیلہ کو دل دے بیٹھے تھے اور پھر ان کی محبت رشتہ داری میں بدل گئی۔

شیا لان چانگ نے اپنی محبت کو لازوال کرنے کا سوچتے ہوئے نبیلہ کے گھر والوں سے ان کا ہاتھ مانگا اور انہیں اپنی دلہن مل گئی۔

نبیلہ اور شیا لان چانگ کی شادی پاکستان کی روایات کے مطابق ہوئی تھی جبکہ پنجابی طرز کا ولیمہ بھی رکھا گیا تھا، جس میں چینی نوجوان دولہے نے دیسی انداز اپنا کر سب کے دل جیت لیے تھے۔

شادی کے موقع پر شیا لان چانگ کا کہنا تھا کہ اب وہ جلد سے جلد نبیلہ کو پاکستان سے چین لے جائیں گے۔

21 سالہ نوجوان کی محبت میں گرفتار 41 سالہ خاتون

سال 2018 میں آخری مہینوں میں پاکستانیوں کی محبت کی کہانیوں میں کافی اہم ثابت ہوئے اور کئی جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

پاکستانی نوجوان کی غیر ملکی خاتون سے محبت کی شادی کی جو داستان سب سے زیادہ مشہور ہوئی وہ سیالکوٹ کے رہائشی کاشف علی کی تھی۔

اگرچہ سیالکوٹ کی بات کی جائے تو 8 سال قبل 2010 میں اسی شہر سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے کھلاڑی شعیب ملک نے بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے شادی کی تھی۔

تاہم کاشف علی کی محبت کی کہانی بہت مختلف تھی جو سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام سے شروع ہوئی تھی اور 10 ماہ کے عرصے میں رشتہ ازدواج تک آن پہنچی تھی۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ نوجوان کی 41 سالہ امریکی خاتون سے دوستی ہوئی تھی جو کچھ عرصے بعد محبت میں تبدیل ہوگئی اور امریکی خاتون اپنا ملک اور گھر چھوڑ کر محبت کی خاطر پاکستان چلی آئیں۔

امریکی خاتون ماریہ اور پاکستانی نوجوان کاشف—فائل فوٹو

41 سالہ امریکی خاتون ماریہ ہیلینا 21 سالہ پاکستانی نوجوان کاشف سے شادی کرنے کے لیے جب پاکستان آئیں تو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے سے قبل انہوں نے اسلام قبول کیا، جس کے بعد دونوں نے اپنی زندگی کےنئے سفر کا آغاز کردیا۔

اس شادی کی تقریب میں خاندان کے مخصوص افراد کو مدعو کیا گیا تھا لیکن خاص بات یہ ہے کہ اس منفرد شادی کو ذرائع ابلاغ میں کافی توجہ دی گئی۔

فیس بک کی دوستی شادی میں بدل گئی

جہاں ایک طرف کاشف اور ماریہ کی شادی کی باتیں ابھی ختم نہیں ہوئی تھی، وہیں دوسری طرف ایک اور پاکستانی نوجوان اور امریکی لڑکی ایک دوسرے کو دل دے بیٹھے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ محسن اور 19 سالہ امریکی ماریہ کی دوستی فیس بک پر ہوئی جو پیار میں بدل گئی۔

پاکستانی نوجوان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے بات چیت کے بعد انہوں نے امریکی لڑکی کو شادی کی پیشکش کی جسے ماریہ نے قبول کرلیا اور وہ ہزاروں میل دور چلی آئیں۔

محسن اور ماریہ کی شادی پاکستانی رسم و رواج کے تحت ہوئی اور اس موقع پر جوڑا بہت خوش نظر آیا جبکہ لڑکی کی جانب سے جلد محسن کو امریکا لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔

آن لائن گیم محبت کا پروانہ

اس شادی کے کچھ دنوں بعد ہی ایک اور امریکی خاتون پاکستانی نوجوان سے محبت کربیٹھی اور اپنی رومانوی کہانی کو حقیقت میں ڈھالنے کے لیے پاکستان پہنچیں۔

پوکر گیم نے دو پیار کرنے والوں کو ہمیشہ کا ساتھی بنا دیا—اسکرین شاٹ

ہوا کچھ یوں کہ آن لائن گیم پوکر کھیلتے کھیلتے 38 سالہ امریکی خاتون جینی کو 26 سالہ پاکستانی نوجوان تنویر سے پیار ہوگیا اور وہ سات سمندر پار منڈی بہاؤالدین آگئیں۔

پاکستان پہنچ کر جینی نے اسلام قبول کیا اور ان کا نام زینب رکھا گیا، جس کے بعد ان کی تنویر سے پاکستانی روایت کے مطابق شادی انجام پائی۔

کھلاڑی بھی کسی سے کم نہیں

پاکستانی کھلاڑی امریکی خاتون سے زشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے—فائل فوٹو

شادیوں کا ذکر ہورہا ہے تو یہاں عام پاکستانیوں کی طرح ایک کھلاڑی کی شادی کا بھی ذکر کرتے چلیں۔

نومبر کے آخر میں پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مجیب الرحمٰن اور بصارت سے محروم امریکی لڑکی بریٹنی کی محبت زندگی بھر کے ساتھ میں بدل گئی۔

مجیب الرحمٰن جزوی نابینا فاسٹ باؤلر ہیں اور بہاولپور بلائنڈ ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

تاہم اس مرتبہ انہوں نے اپنی باؤلنگ کا جادو امریکی خاتون پر چلایا اور انہیں اپنی محبت میں بولڈ کردیا۔

دونوں کی دوستی سوشل میڈیا پر ہوئی جو وقت کے ساتھ ساتھ پیار میں بدل گئی جس کے بعد بریٹنی نے 2016 میں اسلام قبول کیا اور بعد ازاں نومبر 2018 میں پاکستان آکر مجیب الرحمٰن سے شادی کرلی۔

امریکی خاتون کو پاکستانی نوجوان کی محبت کھینچ لائی

سال 2018 میں غیرملکی خاتون سے پاکستانی شخص کی شادی کی آخری خبر پنجاب کے علاقے چیچہ وطنی سے آئی جہاں ایک اور دوستی شادی کا روپ اختیار کرگئی۔

چیچہ وطنی کے مضافاتی علاقے سے تعلق رکھنے والے ساجد نواز کی امریکی لڑکی ازرابل سے فیس بک پر بات چیت ہوئی جو کچھ عرصے بعد محبت میں تبدیل ہوگئی اور دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا۔

امریکی خاتون اپنا ملک چھوڑ کر پاکستانی آئیں—اسکرین شاٹ

شادی کے فیصلے کے بعد امریکی خاتون اپنا ملک اور گھر چھوڑ کر پاکستان آئی اور اسلام قبول کرلیا، جس کے بعد ان کا نیا نام فاطمہ رکھا گیا۔

بعد ازاں ساجد نواز اور فاطمہ کی پاکستانی روایتی انداز میں شادی کی گئی، جس میں لڑکے کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی اور جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


لکھاری ڈان ڈاٹ کام کے اسٹاف ممبر ہیں، ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ MBilalKhan ہے۔