پی ایس ایل کی خوشگوار یادیں اور توقعات کا بھاری بوجھ
پاکستان کرکٹ ٹیم کا بہت بڑا امتحان جنوبی افریقہ میں شروع ہوچکا ہے جہاں 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ سنچورین میں جاری ہے، لیکن اس سے بھی بڑی آزمائش کا سامنا پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہے کہ جس کی نئی قیادت کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کا انعقاد کرنا ہے۔
نئی انتظامیہ نے اب تک کئی اہم قدم اٹھائے ہیں جیسا کہ ملتان فرنچائز کو بھاری قیمت پر نئے مالک کو فروخت کردیا ہے، تمام ٹیموں کا انتخاب عمل میں آچکا ہے بلکہ شیڈول کا اعلان بھی کردیا گیا ہے جس کے مطابق پی ایس ایل 4 کا آغاز 14 فروری کو دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مقابلے سے ہوگا اور یہ سلسلہ 17 مارچ کو کراچی میں فائنل تک جاری رہے گا۔ اس دوران 7 مارچ کو ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل ہوگا اور پہلے مرحلے کے آخری 4 مقابلے، 3 کوالیفائرز اور فائنل کراچی اور لاہور کے میدانوں پر کھیلے جائیں گے۔