پاکستان

میجر جنرل آصف غفور کی کراچی کی سڑک پر نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ

نوجوانوں نے خوبصورت شاٹس لگانے پر میجر جنرل آصف غفور کو خوب داد دی اور بعد ازاں ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کی کراچی کی سڑک پر نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کراچی کی ایک سڑک پر رات گئے کچھ نوجوانوں کے ساتھ آصف غفور کسی پروٹوکول یا سیکیورٹی کے بغیر انتہائی خوشگوار موڈ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

اپنے درمیاں پاک فوج کے اتنے اہم عہدے پر فائز افسر کو پاکر کراچی کے نوجوانوں نے خوبصورت شاٹس لگانے پر انہیں خوب داد دی اور بعد ازاں ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

یہ بھی پڑھیں: میجر جنرل آصف غفور ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر

خیال رہے کہ میجر آصف غفور کرکٹ سے انتہائی شغف رکھتے ہیں اور اس سے قبل وہ پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) 3 کے کراچی میں ہونے والے فائنل سے بھی خوب محظوظ ہوئے تھے۔

یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی کے شکار ملک کے سب سے بڑے شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت کی بدولت اب سیکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہے۔

ادھر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے بھی ٹوئٹ کرکے شہر میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر خدا کا شکر ادا کیا اور میجر جنرل آصف غفور کو سڑک پر کرکٹ کھیلنے کو سراہا، اس کے ساتھ انہوں نے شہرِ قائد میں امن کی بحالی پر پاک فوج، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

قبل ازیں پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی ٹوئٹر پر مذکورہ ویڈیو شیئر کر کے شہر کی رونقیں بحال ہونے اور نائٹ کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا تذکرہ کیا جبکہ اس موقع پر انہوں نے ترکی میں موجود ہونے پر اظہارِ افسوس کیا اور قیام امن کے لیے سیکیورٹی اداروں سے اظہارِ تشکر بھی کیا۔

دوسری جانب میجر جنرل آصف غفور نے شاہد آفریدی کے پیغام کا دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی کمی محسوس ہوئی لیکن اگر آپ یہاں ہوتے تو کوئی مجھے بلا نہیں تھامنے دیتا۔

اس کے ساتھ انہوں نے کراچی کے نوجوانو ں کی بھی تعریف کی اور رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کو سراہا۔

خیال رہے کہ شاہد آفریدی اور میجر آصف غفور کے انتہائی قریبی مراسم بھی ہیں اس سے قبل انہوں نے شاہد آفریدی کی صاحبزادی کی سالگرہ پر تحفہ بھجوایا تھا۔

جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے ذاتی اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی تھی، ویڈیو میں اسمارا شاہد تحفہ بھجوانے پر آصف غفور کا شکریہ ادا کرتی نظر آئی تھیں۔