ہاکی ورلڈ کپ میں عبرتناک شکست، تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر خالد کھوکھر نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شکست پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کردیا۔
خیال رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم بھارت کے شہر بھووینشور میں جاری ورلڈ کپ میں بغیر کوئی میچ جیتے ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
کمیشن کی سربراہی سابق اولمپیئن رشید جونیئر کریں گے جبکہ منظور الحسن سینئر، شاہد علی خان اور ماجد بشیر بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
پی ایچ ایف کی جانب سے بنایا جانے والا یہ 4 رکنی کمیشن حالیہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی شکست اور ہاکی کے زوال کی تحقیقات کرے گا۔
مزید پڑھیں: ہاکی ورلڈکپ: پاکستان، نیدرلینڈز سے شکست کے باوجود پری کوارٹر فائنل میں
اس کے علاوہ ماجد بشیر انکوائری کمیشن کے لیگل ایڈوائزر اور اس کے سیکریٹری بھی ہوں گے۔
صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر نے کمیشن کو مکمل اختیارات کے ساتھ تحقیقات کا مینڈیٹ دے دیا۔
کمیشن پاکستان ہاکی ٹیم کی شکست سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات 15 روز میں مکمل کرکے صدر کو پیش کرے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کا پہلا میچ جرمنی سے تھا جس میں اسے 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ پاکستان ایونٹ میں کم بیک کرنے کی کوشش کرے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ہاکی ٹیم کے نائب کپتان پر عائد پابندی ختم
اگلے ہی میچ میں پاکستان نے بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کی لیکن ملائیشیا کے خلاف یہ میچ 1-1 سے برابر ہوگیا۔
اس کے بعد پہلے مرحلے کے تیسرے میچ میں نیدرلینڈز نے پاکستان کو 1-5 سے شکست دے دی تھی، تاہم جرمنی کے ہاتھوں ملائیشیا کی شکست کی وجہ سے پاکستان کراس اوور راؤنڈ تک پہنچ گیا۔
کراس اوور راؤنڈ میں پاکستان کا مقابلہ بیلجیئم سے ہوا جس میں قومی ٹیم کو 0-5 کی عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔