کھیل

قومی ہاکی ٹیم کے نائب کپتان پر عائد پابندی ختم

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان عماد شکیل بٹ پر عائد ایک میچ کی پابندی ختم کردی۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن(ایف آئی ایچ) نے عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان عماد شکیل بٹ پر عائد ایک میچ کی پابندی ختم کردی۔

بھارت میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں ملائیشیا کے خلاف میچ کے دوران حریف کھلاڑی سے ٹکرانے پر قومی ہاکی ٹیم کے نائب کپتان پر ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

تاہم پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے پابندی ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔

ایف آئی ایچ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے اپیل منظور کرتے ہوئے پابندی ختم کردی ہے البتہ دوبارہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر عماد بٹ کو معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی کپتان ہاکی ورلڈ کپ سے باہر، نائب کپتان پر پابندی

دوسری جانب انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر کی جگہ ارسلان قادر نے بھارت پہنچ کر قومی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

رضوان سینئر ملائیشیا کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے اور بعد ازاں اسکین میں ان کے سیدھے پاؤں کی انگلی میں فریکچر کا انکشاف ہوا تھا۔

قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا میچ 9 دسمبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔