کھیل

یاسر شاہ نے ایک ہی دن میں کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے

یاسر شاہ کی شاندار باؤلنگ کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 90رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مایہ ناز پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

دبئی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 418 رنز کے جواب میں صرف 90رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن کی تباہی کے ذمہ دار پاکستانی اسپنر یاسر شاہ تھے جنہوں نے 41 رنز کے عوض 8 وکٹیں لے کر کیریئر کی بہترین باؤلنگ کی، جو دبئی میں کسی بھی باؤلر کی بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے دویندرا بشو کے پاس تھا جنہوں نے دو سال قبل پاکستان کے خلاف 49 رنز کے عوض 8 وکٹیں لی تھیں۔

یاسر شاہ کی پہلی اننگز میں شاندار باؤلنگ کسی بھی پاکستانی باؤلر کی ٹیسٹ اننگز میں تیسری بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ ہے جہاں ان سے قبل عبدالقادر اور سرفراز نواز 9، 9 وکٹیں لینے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

تاہم یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کسی بھی باؤلر کی بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ قائم کردیا، ان سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے گوفی لارنس کے پاس تھا جنہوں نے 62-1961 میں 53رنز کے عوض 8وکٹیں حاصل کی تھیں۔

بیٹنگ لائن ناکام

نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 50 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس کے بعد پوری ٹیم محض 40 رنز کے اضافے سے پویلین لوٹ گئی۔

یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرا موقع ہے کہ کسی ٹیم کے اوپنرز نے اسے کم از کم 50 رنز کا آغاز فراہم کیا، لیکن اس کے باوجود بقیہ 10وکٹیں 40رنز کے اضافے گر گئی ہوں۔

اس سے قبل 2001 میں بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اوپنرز نے 91 رنز کا آغاز فراہم کیا تھا لیکن پھر بقیہ ٹیم 131رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

نیا عالمی ریکارڈ

اس کے ساتھ ساتھ میچ میں ایک ایسا عالمی ریکارڈ بھی بنا جو آج تک نہیں دیکھا گیا تھا اور نیوزی لینڈ کے 4 سے 11 نمبر کے بلے بازوں نے اپنی ٹیم کے رنز میں سب سے کم رنز کا اضافہ کیا۔

نیوزی لینڈ کے 4 سے 11 نمبر کے بلے بازوں نے اپنی ٹیم کے مجموعے میں محض 5 رنز جوڑے جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں عالمی ریکارڈ ہے، جو اس سے قبل سری لنکا کے پاس تھا جس کے بلے بازوں نے کُل 8رنز جوڑے تھے۔

میچ میں 10وکٹیں لینے پر یاسر شاہ سجدہ شکر ادا کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

میچ میں نیوزی لینڈ کے 6 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے اور ایک اننگز میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں کے صفر پر آؤٹ ہونے کے عالمی ریکارڈ کو برابر کردیا۔

اس سے قبل پاکستان، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیموں کے بھی 6 کھلاڑی ایک اننگز کے دوران صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

ایک دن میں دس وکٹیں

تاہم اس سب سے قطع نظر یاسر شاہ نے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ایک ایسا منفرد ریکارڈ قائم کردیا جو پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں کوئی بھی باؤلر نہ کر سکا۔

یاسر شاہ نے میچ کے تیسرے دن پہلی اننگز میں 8 وکٹیں لینے کے بعد دوسری اننگز میں بھی نیوزی لینڈ کے دو بلے بازوں کو چلتا کردیا اور اس طرح پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک دن میں 10وکٹیں لینے والے پہلے باؤلر بن گئے۔