کھیل

منفرد باؤلنگ ایکشن پر گیند کو ڈیڈ بال کیوں قرار دیا گیا؟

بھارت میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بنگال اور اترپردیش کے میچ میں شیوا سنگھ کی گیند کو ڈیڈ باؤل قرار دینے پر تنازع کھڑا ہوا۔

ہم نے دنیائے کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے پال ایڈمز سمیت انتہائی منفرد باؤلنگ ایکشن دیکھے ہیں لیکن ایک نووارد باؤلر کے ایکشن نے نئے تنازع کو جنم دے دیا۔

کرکٹ کے کھیل میں ہر گزرتے دن کے ساتھ نت نئے منفرد واقعات سامنے آتے رہتے ہیں اور ایسا ہی ایک واقعہ کلکتہ کے کرکٹ گراؤنڈ میں پیش آیا۔

بھارت میں جاری انڈر23 ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بنگال اور اترپردیش کے درمیان میچ میں اس وقت تناع کھڑا ہوا جب امپائر نے شیوا سنگھ کی گیند کو ڈیڈ باؤل قرار دیا۔

منفرد ایکشن کے حامل شیوا گیند کو پھینکنے سے قبل 360ڈگری کا چکر کاٹتے ہیں اور پھر گیند کرتے ہیں لیکن امپائر ونود سیشان کو ان کا یہ ایکشن متنازع لگا اور انہوں نے گیند کو ڈیڈ باؤل قرار دے دیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی داستانیں

شیوا رواں سال انڈر19 ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے رکن تھے اور امپائر کی جانب سے ڈیڈ باؤل قرار دیے جانے پر میچ تھوڑی دیر کے لیے تعطل کا شکار ہوا اور اترپردیش کے کھلاڑیوں نے امپائر سے احتجاج کیا۔

امپائر ونود نے اپنے ساتھی روی شنکر سے معاملے پر بات کی اور اترپردیشن کے کپتان شیوم چوہدری اور شیوا کو آگاہ کیا کہ اگر انہوں نے دوبارہ اسی طرح گیند کی تو وہ پھر اسے ’ڈیڈ باؤل‘ ہیقرار دیں گے۔

شیوا نے کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عرصے سے اسی طرح باؤلنگ کر رہے ہیں اور دعویٰ کیا کہ گزشتہ ماہ وجے ہزارے ٹرافی میں بھی اسی ایکشن کے ساتھ باؤلنگ کی لیکن وہاں کسی بھی امپائر نے ان کے ایکشن پر اعتراض نہیں کیا۔

تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایلیٹ پینل کے سابق معروف امپائر نے بھارتی امپائروں کے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے شیوا کے ایکشن کو غلط قرار دیا۔

بھارتی امپائرز کا ماننا تھا کہ گیند پھینکنے سے قبل باؤلرز کے اس طرح کے عمل سے کھلاڑی کا دھیان بٹ جاتا ہے جو کھیل کے اصول کے خلاف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرفراز احمد نے روس ٹیلر کی حرکت ’شرمناک‘ قرار دے دی

سائمن ٹافل نے بھی ایکشن غلط قرار دیے جانے کی اس تعریف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کے قانون کے تحت امپائر ایسی کسی بھی گیند کو ڈیڈ باؤل قرار دینے کا مجاز ہے جس میں کوئی کھلاڑی جان بوجھ کر دوسرے کھلاڑی کا دھیان خراب کرنے یا دھوکا دینے یا کھیل میں رکاوٹ بننے کی غرض سے کوئی عمل کرے۔

شیوا الٹے ہاتھ سے باؤلنگ کرتے ہوئے ایک سے زائد ایکشن سے گیند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور خصوصاً ایک اسپنر ہونے کے باوجود باؤنسر پھینکنے کی صلاحیت انہیں دیگر اسپنرز سے ممتاز بناتی ہے۔