ایک والد یا والدہ کے طور پر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے کچن سے جتنا زیادہ دُور رہیں اتنا ہی زیادہ اچھا ہے۔ ظاہر ہے ایسا آپ بچوں کو تیز دھار چھریوں اور چولہے کی آنچ کے باعث کسی قسم کے حادثے سے محفوظ رکھنے کے لیے کرتے ہیں۔
مگر ہم آپ کو یہ بتاتے چلیں کہ کچن کے کاموں میں شمولیت سے بچوں کو کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور اس طرح آپ بچوں کو خود انحصار بنانے میں مدد بھی کرتے ہیں۔ بچوں کی کچن میں موجودگی سے آپ کا دھیان بھی ایک ہی جگہ پر مرکوز ہوگا کیونکہ بچے آپ کی آنکھوں کے سامنے کسی نہ کسی کام میں مصروف رہیں گے۔
آئیے ہم آپ کو چند ضروری باتیں بتاتے ہیں جو بچوں کو کچن کے کاموں میں شامل کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔
کچن کا ڈیزائن
ماہرین کے مطابق اگر آپ کے چھوٹے بچے ہیں اور آپ اپنے کچن میں تبدیلیاں لانے یا پھر بچوں کی پیدائش کے حوالے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو آپ اپنے کچن کے ڈیزائنر سے فیملی فرینڈلی خصوصیات کا خیال رکھنے کے لیے کہیں۔ مثلاً، فرش ایسا ہو کہ جس میں پھسلن نہ ہو، کچن میں کام کرنے کی جگہ ایسی ہو جو کم وقت میں صاف ہوجائے اور جسے بچوں کے ساتھ سنبھالنے میں بھی آسانی ہو۔ کچن میں استعمال ہونے والے مختلف برقی آلات بچوں کی سیفٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے جاتے ہیں، لہٰذا ان کا انتخاب کیجیے۔