گرین شرٹس ایشیا کپ سے باہر، ایونٹ میں ٹیم کی کارکردگی کا ایک جائزہ
اپنی ناقص باؤلنگ اور اس سے بھی زیادہ خراب بیٹنگ پرفارمنس کی وجہ سے پاکستان ٹیم کو بنگلہ دیش جیسی ٹیم سے بھی ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری 14ویں ایشیا کپ کا سفر گرین شرٹس کے لیے تمام ہوگیا۔
ابتدا سے ہی ایونٹ میں پاکستان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان رہا اور ٹیم اپنے حالیہ دو ٹورنامنٹس (زمبابوے میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور 2017 میں چیمپیئنز ٹرافی) کی کارکردگی کو برقرار نہ رکھ سکی۔
ایشیا کپ سے قبل پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے لیے تیار ہے اور اس میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
دوسری جانب پاکستان کی بیٹنگ، باؤلنگ کے شعبے کو دیکھتے ہوئے کرکٹ ماہرین کا خیال تھا کہ اس مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل پاکستان کے سر سجے گا، اور گرین شرٹس کو ایونٹ کے لیے فیوریٹ بھی قرار دیا جارہا تھا۔