ایشیا کپ: پاکستان کو بنگلہ دیش سے بھی شکست، فائنل سے باہر
بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا لیکن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 202 رنز بنا سکی۔
ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے جنید خان کی بہترین کارکردگی پر پانی پھیرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مایوس کن کھیل پیش کیا اور بنگلہ دیش نے یہ میچ 37 رنز سے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدا میں یہ فیصلہ غلط نظر آرہا تھا تاہم مشفق الرحیم اور محمد متھن کے بعد مستفیض الرحمٰن سمیت دیگر باؤلرز نے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر دکھایا۔
ایشیا کپ 2018 میں پہلی مرتبہ ٹیم کا حصہ بننے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر جنید خان نے زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیش کے اوپنرز کو صرف 12 رنز پر پویلین بھیج دیا۔