بچوں کے ساتھ دستر خوان پر بہتر وقت کیسے گزاریں؟
کئی گھروں میں رات کا کھانا ایک ایسا موقع ہوتا ہے جب تمام گھروالے مل بیٹھ کر ایک ہی وقت میں بڑے پُرسکون انداز میں بنا کہیں جانے کی جلدی کے کھانا تناول کرتے ہیں۔ لہٰذا فیملیز کے لیے یہ وقت انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
ایک ساتھ بیٹھنے کے اس موقعے سے فیملیز کس طرح فائدہ اٹھاسکتی ہیں؟ آئیے دیکھتے ہیں ماہرین کیا تجاویز دیتے ہیں۔
بات چیت کا سلسلہ کیسے شروع کیا جائے
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ گھروالے بشمول بچے یا بڑے، دونوں ہی پورا دن اپنے اسکولوں یا اپنی کام کی جگہوں پر تھکادینے والا وقت گزار کر آتے ہیں لہٰذا وہ اپنے دن کی سرگرمیوں، مثلاً اسکول میں کیا کچھ ہوا یا دفتر میں کام کیسا رہا، سے متعلق بات چیت کرنے میں زیادہ پُرجوش دکھائی نہیں دیتے۔
تو باتوں کے سلسلے کو کیسے جاری رکھا جائے، اس بارے میں ایک ماہر کا کہنا ہے کہ کبھی گفتگو کا رخ ایسی جگہ نہ موڑیں جہاں سے ایک نیا تنازع شروع ہوجائے (مثلاً بچوں کے بکھرے کمرے کی شکایت شروع کردینا)، یہ شکایت کسی دوسرے موقعے پر کرسکتے ہیں۔ ایک دوسرے ماہر کا کہنا ہے کہ آپ اپنے بچوں کی زندگیوں سے متعلق مخصوص سوالات پوچھیں۔
اگر آپ اپنے بچے کے روز و شب سے واقف ہیں، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ ان کے بارے میں آگاہی رکھتے ہیں، آپ ان کے ساتھ موجود ہیں۔
ایک ماہر نفسیات کا کہنا ہے کہ اگر بچے گفتگو کا سلسلہ شروع کرنے کے موڈ میں نہ ہوں تو ضروری ہے کہ وہ اپنے والدین یا گھر کے بڑوں کے درمیان ایک صحتمند گفتگو ہوتی دیکھیں۔
مزید پڑھیے: بچوں کو ٹیکنالوجی سے دور رکھنے کے خواہشمند والدین خود پہل کریں
اگر والد اور والدہ آپس میں اپنے گزارے ہوئے دن کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں اور ایک بچہ اس گفتگو کو سن رہا ہے تو یہ اس کے لیے ایک موقع ہوتا ہے باہمی گفتگو کے مشاہدے کا۔
آپ ایسے مختلف سوالات بھی پوچھ سکتے ہیں جن سے اہل خانہ کے درمیان گفتگو کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے، جیسے آپ بچوں سے یہ سوال پوچھ سکتے ہیں کہ، اگر انہیں گھر کے افراد کو نئے نام دینے ہوں تو وہ کس کو کون سا نام دیں گے؟
باریکیوں پر نظر رکھیں
تیز آواز میں بات چیت جہاں مزیدار اور فیملیز کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے وہیں والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ ڈنر ٹیبل پر ہر فرد یا بچے کے ان کہے رویے یا جسمانی کیفیت کو پرکھنے کی بھی کوشش کریں۔
ٹیکنالوجی رات کے کھانے کے وقت کس طرح شامل کی جائے
موبائل فونز تو آج کل جیسے اکثر لوگوں کے ہاتھوں کا ایک ضروری حصہ بن چکے ہیں۔ اگر آپ اپنا موبائل فون دور رکھ دیں یا بند کردیں تو اس سے ایک بڑا ہی واضح پیغام جاتا ہے۔ آپ فون بند کرتے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ، ‘یہ میرے لیے ضروری ہے، لیکن تم میرے لیے زیادہ ضروری ہو اور جو باتیں مجھ سے کروگے وہ میرے لیے ضروری ہیں۔ اس طرح کئی سطحوں پر بچوں کے احساس قدر اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔