کھیل

نئے چیئرمین کے آتے ہی پی سی بی میں اکھاڑ پچھاڑ شروع

احسان مانی نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے مقرر کیے گئے مشیروں کوعہدے سے ہٹاتے ہوئے متعدد کمیٹیوں کو بھی ختم کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے نو منتخب چیئرمین احسان مانی نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے مقرر کیے گئے چاروں مشیروں کو عہدے سے ہٹانے کے ساتھ ساتھ متعدد کمیٹیوں کو بھی ختم کردیا ہے۔

نجم سیٹھی نے چار مشیر مقرر کیے تھے جن میں سابق کرکٹرز شعیب اختر اور صلاح الدین صلو کے ساتھ ساتھ شکیل شیخ اور اعزاد سید شامل تھےلیکن احسان مانی نے ان چاروں کو ان کے عہدوں سے فارغ کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا اپنے کزن کو چیف ایگزیکٹو بنانے کی مخالفت کردی

گزشتہ روز شعیب اختر نے چیئرمین کے مشیر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن درحقیقت انہیں پہلے ہی اس عہدے سے فارغ کیا جا چکا تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صلاح الدین صلو اور شعیب اختر کو اس عہدے کے لیے باقاعدہ معاوضہ دیا جاتا تھا جبکہ شکیل شیخ اور اعزاد سید اعزازی بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

اس کے ساتھ ساتھ احسان مانی نے پی سی بی میں کام کرنے والی متعدد کمیٹیوں کو بھی ختم کردیا ہے جو بغیر معاوضہ لیے کام کرتی تھیں جن میں آڈٹ، ہیومن ریسورس، ڈومیسٹک کمیٹی کے علاوہ پاکستان سپر لیگ کی گورنر کونسل بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل کا حصہ بن گئے

تاہم معاوضے کے تحت کام کرنے والی تین سلیکشن کمیٹیوں کو برقرار رکھا ہے جس میں انضمام الحق کی زیر سربراہی کام کرنے والی سینئر ٹیم کی قومی سلیکشن کمیٹی، باسط علی کی قیادت میں کام کرنے والی جونیئر سلیکشن کمیٹی جبکہ ویمنز ٹیم کی سلیکشن کمیٹی شامل ہے جس کے سربراہ جلال الدین احمد ہیں۔