ساؤتھ ہیمپٹن ٹیسٹ کا دوسرا دن پجارا اور معین علی کے نام
معین علی کی شاندار باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھاری برتری کے حصول سے محروم کردیا لیکن چتیشور پجارا کی شاندار سنچری کی بدولت بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں معمولی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 246 رنز کے جواب میں بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 19رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو 37کے اسکور پر لوکیش راہل پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کو دن کی ابتدا میں ہی اس وقت دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب اسٹورٹ براڈ نے عمدہ اسپیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو جلد ہی دوسری کامیابی بھی دلا دی۔
50رنز پر دونوں اوپنرز سے محروم ہونے کے بعد چتیشور پجارا اور ویرات کوہلی وکٹ پر یکجا ہوئے اور تیسری وکٹ کے لیے 92رنز کی شراکت قائم کر کے بھارت کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔
سیم کیورن نے 46 رنز بنانے والے حریف کپتان کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا جبکہ بین اسٹوکس نے راہانے کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی۔
اس موقع پر معین علی کو باؤلنگ پر لایا گیا اور انہوں نے ایک شاندار اسپیل کرتے ہوئے بھارت کی میچ میں بھاری برتری کے خواب کو چکنا چور کردیا۔