پاکستان

انتخابی نتائج کے تمام فارمز الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر شائع

قانون کے مطابق ای سی پی ریٹرننگ افسران سے حاصل ہونے والی دستاویزات 14 دن میں اپنی ویب سائٹ پر شائع کرنے کا پابند ہے۔

کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے 25 جولائی کوہونےوالے عام انتخابات کے نتائج اور دیگر اعدادوشمار پر مشتمل تمام فارمز اپنی ویب سائٹ پر شائع کردیے گئے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی الیکشن کمیشن نے انتخابات میں کامیابی کے باضابطہ نوٹفکیشن جاری کیے تھے تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر قومی اسمبلی کی 9 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 17 نشستوں کے نتائج روک لیے گئے، جس پر حکومت کی تشکیل سے قبل ہی تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ انتخابات والے دن سے ہی الیکشن کمیشن کو مختلف تنازعات کا سامنا ہے، جب تقریبا تمام ہی سیاسی جماعتوں کی جانب سے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکالنے، ووٹوں کی گنتی پر مشتمل باضابطہ فارم 45 جاری نہ کرنے اور دھاندلی کا الزام لگایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نتائج کے حوالے سے شکایات پر تحقیقات کریں گے، الیکشن کمیشن

انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر سے ناکام امیدواروں میں اشتعال پھیل گیا تھا، جس کی وجہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی رات رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (ٓآر ٹی ایس) کی خرابی کو قرار دیا جس کے باعث مزید ابہام پیدا ہوئے۔

واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 95(8) کے مطابق تمام تر کارروائی کے بعد ریٹرننگ افسر انتخابی نتائج، ووٹوں کی گنتی پر مشتمل دستخط شدہ دستاویز 24 گھنٹے میں الیکشن کمیشن کو ارسال کرنےکا پابند ہے۔

دوسری جانب الیکشن ایکٹ کی دفعہ 95(10) کے مطابق الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسران سے حاصل ہونے والی دستاویزات 14 دن میں اپنی ویب سائٹ پر باضابطہ طور پر شائع کردے گا، چناچہ انتخابات کے 2 ہفتے بعد ای سی پی نے مذکورہ کارروائی پر عمل درآمد کردیا۔

مزید پڑھیں: انتخابی نتائج ’منتقل کرنے‘ کی ذمہ داری سیکیورٹی اہلکاروں کو سونپ دی گئی

اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر فارم45 جو اس سے قبل فارم14 کہلاتا تھا، موجود ہے جس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے ہر حلقے کے ضروری اعدادوشمار موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انتخابی نتائج کا اندراج مرد و خواتین ووٹرز کی بنیاد پر کیا گیا ہے، فارم میں شام معلومات میں اس حلقے سے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواران، ہر امیدوار کو ملنے والے تمام منظور شدہ ووٹ، چیلنج کیے جانے والے ووٹ اور کل ووٹوں کے ساتھ مسترد شدہ ووٹوں کی مکمل معلومات موجود ہے۔

اس ضمن میں پریزائیڈنگ افسر کا تیار کردہ دوسرا فارم، فارم 46 بھی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا جس میں بیلٹ پیپر کی کل تعداد، استعمال ہونے والے، ضائع ہونے والے اور بچ جانے والے بیلٹ پیپر کےحوالے سے تمام تفصیلات درج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’تمام امیدوار انتخابی نتائج تسلیم کریں‘

اس کے علاوہ فارم 47 بھی شائع کردیا گیا جس میں الیکشن ایکٹ 92 کے تحت صوبائی اسمبلیوں کے ہر حلقے کے نتائج کی مکمل معلومات ہیں۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب فارم 48 اور 49 میں صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں میں ڈالنے گئے ووٹوں، امیدواروں اورا ن کی سیاسی وابستگی کی مکمل تفصیلات درج ہیں۔


یہ خبر 9 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔