پاکستان

’دلا تیر بجا‘ اور بولی وڈ کا گانا ’میں نہ جھوٹ بولوں‘

سوشل میڈیا پر دلا تیر بجا ترانے سے ملتا جھلتا ایک گانا وائرل ہوگیا، جس کے بعد نئی بحث چھڑ گئی۔

اس بات میں تو کوئی شک نہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا ترانہ ’دلا تیر بجا‘ ہر انتخابی مہم کے دوران باقی تمام جماعتوں کے ترانوں کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔

لیکن یہ ترانہ کب اور کہا بنا؟ اور کیا اس کی موسیقی اوریجنل تھی یا اسے کسی اور گانے سے کاپی کیا گیا؟

یہ سوالات اس وقت اٹھے جب سوشل میڈیا پر دلا تیر بجا ترانے سے ملتا جھلتا ایک گانا وائرل ہوا۔

یہ گانا بولی وڈ کی ایک فلم سے لیا گیا ہے، جس کا نام ’میں نہ جھوٹ بولوں‘ ہے۔

اس گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سے بہت سے صارفین نے کہا کہ ’دلا تیر بجا‘ بولی وڈ کے اس گانے کی نقل ہے۔

جبکہ کچھ یہ بحث کرتے نظر آئے کہ یہ بولی وڈ گانا پیپلز پارٹی کے ترانے کے میوزک کو چرا کر بنایا گیا۔

لیکن حقیقت کیا ہے؟

دراصل پیپلز پارٹی کا ترانہ دلا تیر بجا 1987 میں ریلیز ہوا تھا، جس کی کمپوزیشن پارٹی سپورٹر اور لیاری کے رہائشی ظہور احمد زیبی نے کی تھی۔

اس ترانے کی گلوکاری شبانا نوشی نے کی تھی اور یہ اس موسیقی پر بنایا گیا پہلا اور اوریجنل گانا تھا۔

جبکہ بولی وڈ کا وائرل ہونے والا گانا 1991 میں ریلیز ہوئی فلم ’اندراجیت‘ سے لیا گیا۔

اس فلم میں بولی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ جیا پردا نے کام کیا تھا، یہ دونوں اس گانے میں بھی پرجوش رقص کرتے نظر آئے، اس گانے کی گلوکاری آشا بھوسلے اور امت کمار نے کی۔

یاد رہے کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا جب پیپلز پارٹی کے اس ترانے کو کاپی کیا گیا ہو، بولی وڈ فلم کے علاوہ اسے پاکستان کی ایک اور بڑی جماعت نے بھی اپنا ترانہ تیار کرنے کے لیے کاپی کیا تھا۔