کھیل

ویوین رچرڈز کی عمران خان کو انتخابات میں جیت پر مبارکباد

اس بات کا اعتراف کرتا ہوں کہ عمران خان میرے لیے ایک مشکل حریف ثابت ہوئے تھے، سابق ویسٹ انڈین کرکٹر

مایہ ناز ویسٹ انڈین کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹنگ کوچ اور ٹیم مینٹور ویوین رچرڈز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک آڈیو پیغام میں ویوین رچرڈز کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان ان کے اہلِ خانہ اور ان کی جماعت کے کارکنان کو اس جیت پر مبارکباد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کے میں نے عمران خان کے خلاف کافی عرصے سے کرکٹ نہیں کھیلی ہے، تاہم میں اس بات کا اعتراف کرتا ہوں کہ عمران خان میرے لیے ایک مشکل حریف ثابت ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو مبارکباد دینے کیلئے وسیم اکرم کی بنی گالا آمد

عظیم بلے باز کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ عمران خان کرکٹ کا ویسا ہی جذبہ اپنی قیادت میں منتقل کریں گے اور ملک کے عوام کی خدمت کریں گے۔

ویوین رچرڈز نے اپنے پیغام میں پاکستان کے عوام کو بھی انتخابات کے کامیاب انعقاد کی مبارکباد پیش کی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی نے واضح اکثریت حاصل کرلی۔

عمران خان کو سیاسی حلقوں کے علاوہ کرکٹ کی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے بھی مبارکباد موصول ہورہی ہیں جن میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم اور سابق بھارت کپتان کپل دیو شامل ہیں۔