پی ٹی آئی کی مرکز اور پنجاب میں ’پوزیشن مستحکم‘
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ انتخابات کے بعد مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے ان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مزید آزاد اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ آزاد اُمیدواروں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی ہے اور اس ملاقات کے دوران پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: ’عالمی برادری نے پاکستان کے حالیہ انتخابات کو بہتر قرار دیا ہے‘
پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ بھکر سے نو منتخب رکن قومی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل، بھکر ہی سے اراکین پنجاب اسمبلی سید اکبر نوانی اور امیر محمد خان، بہاولنگر سے رکن قومی اسمبلی غفار وٹو اور رکن صوبائی اسمبلی فدا وٹو اور مظفر گڑھ سے رکن صوبائی اسمبلی عبدالئی دستی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔