پاکستان

'الیکشن کمیشن انتخابات میں بدنظمی اور بے قاعدگیوں پر ایکشن لے'

دیگر سیاسی جماعتوں نے نتائج نہ ملنے کی شکایت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس مسئلے حل کیا جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں سامنے آنے والی بدنظمی اور بے قاعدگیوں سے متعلق سوالات اٹھاتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے فوری طور پر ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا۔

پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے شیری رحمان اور تاج حیدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’انتخابات سے پہلے ہی تمام سیاسی جماعتوں کو مہم چلانے کے لیے یکساں مواقع فراہم نہیں کیے جارہے تھے، لیکن انتخابات کے دوران اور ووٹوں کی گنتی کے وقت ہونے والی بے قاعدگیوں نے مزید سوالات اٹھا دیئے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے اور ووٹنگ کے بعد ہونے والی بے قاعدگیوں کو دیکھ کر واضح ہوتا ہے کہ ایک تنظیم کے علاوہ تمام ہی جماعتوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ سے لے کر لیاری تک پیپلز پارٹی کو نتائج نہیں دیئے جارہے، بلکہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو بھی پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکال دیا گیا اور اب تک نتائج فراہم نہیں کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر شیری رحمٰن نے کہا کہ پولنگ کے دوران ہونے والی بے ضابطگیاں خواتین کے پولنگ اسٹیشن سے زیادہ سامنے آئی ہیں، ان مسائل اور سست ووٹنگ کی شکایات کی وجہ سے ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ ووٹ ڈالنے کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کر دیا جائے، لیکن بدقسمتی سے اس مطالبے کو بھی نہیں مانا گیا۔

پریس کانفرنس میں تینوں رہنماؤں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تمام مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی سے پہلے کراچی کی دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی نتائج نہ ملنے کی شکایت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس مسئلے کو حل کیا جائے۔