لاؤس میں ڈیم ٹوٹنے سے کئی گاؤں زیر آب، متعدد ہلاک، سیکڑوں لاپتہ
لاؤس میں زیر تعمیر ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم ٹوٹنے سے متعدد افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جن کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ملک کے جنوب مشرقی صوبے اتاپیو میں زیر تعمیر زیپیان ژی نام نوئے ہائیڈرو پاور ڈیم پیر کی شام ٹوٹ گیا جس سے پانی سیلاب کی صورت میں بہتا ہوا گھروں کو بہاتا ہوا لے گیا اور کئی دیہات زیر آب آ گئے۔
ایک اندازے کے مطابق تقریباً ساڑھے 6 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں جبکہ حکام نے بتایا کہ اس تباہی کے نتیجے میں کئی سو افراد لاپتہ ہیں جن کے بارے میں تاحال کچھ پتہ نہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں شدید موسمی بارشوں کے نتیجے میں ملک کے کئی علاقوں میں سیلاب آ گیا تھا۔
یہ ڈیم جنوبی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ تھائی لینڈ اور لاؤس کے اشتراک سے تعمیر کیا گیا تھا اور اس کے کچھ حصے اب بھی زیر تعمیر تھے۔
ڈیم کے دو جنوبی کورین پارٹنرز میں سے ایک ایس کے انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں کئی دن سے جاری شدید بارشوں کے نتیجے میں اتوار کی رات پانچ معاون ڈیموں میں سے ایک ڈیم کا اوپری حصہ بہہ گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شدید بارش کے باعث مرمتی کام میں رکاوٹ ہوئی اور پیر کو صورتحال مزید بگڑ گئی جس کی وجہ سے پانی کا بہاؤ شدید ترین ہو گیا اور علاقے کے 12 میں سے 7 گاؤں بہہ گئے۔
کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ریسکیو کے کاموں میں شریک ہیں اور مزید نقصان کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔