2013 میں انتخابات کے دن بم دھماکے،فائرنگ سے درجنوں جانیں گئیں
ملک میں 10 کروڑ سے زائد افراد آج (25 جولائی کو) اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ملکی تاریخ میں دوسری بار آئینی طریقے سے ایک منتخب حکومت ،نئی حکومت کو اقتدار منتقل کرے گی۔
گزشتہ عام انتخابات میں جب پیپلز پارٹی کی حکومت نے مسلم لیگ (ن)اقتدار کی کمان سونپی تو الیکشن کے دن ملک بھر میں 45 افراد انتخابی عمل کے دوران جان کی بازی ہارگئے تھے۔
11 مئی 2013 کو پولنگ ڈے پر دہشت گردی کے بڑے واقعات کراچی اور بلوچستان میں ہوئے جن میں 26 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ملک کے مختلف حصوں میں بم دھماکے، فائرنگ اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم کے واقعات کی تفصیل ملاحظہ کریں:
سندھ میں دہشت گردی کے واقعات
کراچی میں قائد آباد کے علاقے داؤ چالی میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی الیکشن سیل آفس کے قریب رکشے میں نصب بم کے دھماکے سے 2 سالہ بچے اور اے این پی کے امیدوار امان اللہ محسود کے محافظ سمیت 11 افراد جاں بحق اور 45 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
امیدوار امان اللہ محسود بال بال بچ گئے تھے۔ بم دھماکے کے باعث تین پولنگ اسٹیشنز میں ایک گھنٹے تک پولنگ کا عمل روک دیا گیاتھا۔