مریم نواز کی نااہلی پراین اے-127 کے انتخاب کے التوا کیلئے درخواست دائر
لاہور ہائی کورٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے -127 کے ایک ووٹر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیدوار مریم نواز کو احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے نتیجے میں ہونے والی نااہلی کے بعد حلقے میں الیکشن ملتوی کرنے کے لیے درخواست دائر کردی۔
لاہورہائی کورٹ میں درخواست حلقہ این اے-127 کے ووٹر عمران بٹ نے دائرکی اور موقف اپنایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حنیف عباسی کو سزا کے بعد حلقہ این اے-60 میں الیکشن ملتوی کر دیا ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو بھی سزا ہوئی مگر ان کے حلقے کا الیکشن ملتوی نہیں کیا گیا، آئین کے تحت تمام شہری برابر ہیں مگر الیکشن کمیشن نے مریم نواز کے ساتھ امتیازی سلوک برتا ہے۔
عمران بٹ نے عدالت سے درخواست کی کہ این اے-60 کی طرح این اے-127 میں بھی الیکشن ملتوی کرنے کا حکم دیا جائے۔
مزید پڑھیں:حنیف عباسی کی نااہلی کے بعد این اے 60 راولپنڈی میں الیکشن ملتوی
یاد رہے کہ راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت نے 21 جولائی کو این اے -60 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کو 6 سال سے جاری ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمر قید اور دیگر ملزمان کو شک کی بنیاد پر بری کردیا تھا تاہم سزا کے باعث حنیف عباسی انتخابات کے لیے نااہل ہوگئے ہیں۔
حنیف عباسی کی ناہالی کے بعد الیکشن کمیشن نے 22 جولائی کو این اے-60 میں انتخاب ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے خلاف شیخ رشید نے لاہور ہائی کورٹ کی راولپنڈی رجسٹری میں اپیل کی تاہم ان کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔
بعد ازاں سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن اور ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے شیخ رشید کی درخواست کو مسترد کردیا گیا تاہم ان کی درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔