وہ سیاسی جماعتیں، جن کے ’قائد‘ انتخابات سے باہر ہیں
عام انتخابات میں اگرچہ ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں سمیت غیر معروف پارٹیوں کے امیدوار بھی میدان میں اتریں گے۔
تاہم 25 جولائی کو پاکستان کے عوام ملک کی اہم ترین سیاسی جماعتوں کے سرپرست اور اپنے چند پسندیدہ ترین رہنماؤں کو منتخب کرنے سے محروم رہیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں انتخابات کے لیے اہل رجسٹرڈ 122 سیاسی جماعتوں میں سے اگرچہ اس بار بھی کم سے کم 2 درجن سیاسی پارٹیوں کے قائد، سرپرست، چیئرمین، صدر اور سربراہ عام انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔
تاہم اس بار کچھ ایسے سیاسی رہنما بھی انتخابی عمل سے باہر ہوئے، جنہوں نے پہلے ہی 2018 کے انتخابات میں حصہ لے کر اپنی جیت سے متعلق قیاس آرائیاں کی تھیں۔
ان سیاسی رہنماؤں میں ملک کے 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف، سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف، سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔