پاکستان

الیکشن 2018: خیبرپختونخوا پولیس کو فنڈز کی عدم فراہمی کا سامنا

36 کروڑ 90 لاکھ روپے مانگے تھے مگر صوبائی حکومت نے 16 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی، پولیس حکام
|

پشاور: عام انتخابات میں چند ہی روز باقی ہیں لیکن سیکیورٹی اعتبار سے ملک کے سب سے حساس ترین صوبے خیبر پختونخوا میں پولیس کو سیکیورٹی انتظامات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی کا سامنا ہے۔

خیبرپختونخوا پولیس کے اعلیٰ حکام نے ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ پولیس نے صوبائی حکومت کو 36 کروڑ 90 لاکھ روپے بجٹ کی تجویز جمع کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے تجویز کردہ رقم کو کم کرتے ہوئے صرف 16 کروڑ 90 لاکھ روپے ہی جاری کرنے کی منظوری دی ہے، جو عام انتخابات کے لیے ناکافی ہے۔

پولیس حکام نے آگاہ کیا کہ تقریباً 52 ہزار پولیس اہلکار الیکشن کے روز اپنے فرائض انجام دیں گے، تاہم حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے فنڈ صوبے میں سیکیورٹی کے ضروری اقدامات کرنے، پولیس اہلکاروں کی آمد و رفت اور دیگر اخراجات میں خرچ ہونے ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں 30 لاکھ 50 ہزار نئے ووٹرز کا اضافہ

حکام کا کہنا تھا کہ 2013 کے انتخابات کے دواران حکومت نے صوبے بھر میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے 23 کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کیے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر مطلوبہ فنڈز کا اجرا نہیں کیا گیا تو اس سے صوبے میں سیکیورٹی انتظامات متاثر ہوسکتے ہیں۔

ادھر ڈان نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس محمد طاہر نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پولیس کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کو پہلے ہی نگراں حکومت کے سامنے اٹھایا جاچکا ہے، تاہم نگراں حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ پولیس کو الیکشن سے قبل بقیہ فنڈز بھی جاری کر دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات: خیبر پختونخوا کے 3174 پولنگ اسٹیشن حساس ترین قرار

آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کی پولیس نے انتخابات کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کر لیے ہیں، تاہم حالیہ دہشتگرد حملوں اور سیکیورٹی الرٹ کے بعد صوبے میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ترجیحی بنیادوں پر پولنگ اسٹیشنز کو تقسیم کردیا ہے اور اس کے حوالے سے سیکیورٹی کی تیاری بھی کرلی گئی ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ 12 ہزار 69 پولنگ اسٹیشنز میں سے 3 ہزار ایک سو 74 پولنگ اسٹشنز کو انتہائی حساس، 4 ہزار 5 سو 39 کو حساس قرار دیا گیا ہے تاہم ان پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔