سندھ کی قوم پرست پارٹی سے تعلق رکھنے والی کم عمر خاتون امیدوار
سندھ یونائٹڈ پارٹی نے پہلی مرتبہ سندھ میں 2 خواتین کو عام انتخابات میں صوبائی نشست کے لیے ٹکٹ دے دیے۔
انتخابات 2018 کا میلہ سجنے میں ابھی محض 6 دن باقی ہیں جبکہ ملک بھر میں انتخابی مہم زوروں پر ہے۔
اس مرتبہ انتخابات میں جہاں پہلی بار ماضی کے مقابلے میں زیادہ خواتین الیکشن لڑتی نظر آئیں گی، وہیں اس مرتبہ خواتین ووٹرز کی تعداد بھی ماضی کے مقابلے کہیں زیادہ ہے۔
صوبہ سندھ میں صوبائی اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں پر 90 کے قریب خواتین انتخاب لڑتی نظر آئیں گی، جس میں سے متعدد خواتین کی عمر 30 برس تک ہے۔
لیکن سندھ کے اہم ترین ضلع لاڑکانہ کے صوبائی حلقے پی ایس 13 سے ایک ایسی امیدوار بھی انتخاب میں حصہ لے رہی ہیں، جن کی عمر 25 سال 4 ماہ ہے۔
صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 13 سے قوم پرست پارٹی سندھ یونائٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کی امیدوار عاصمہ ابڑو جو پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں، وہ سندھ سے انتخاب لڑنے والی کم عمر خواتین امیدواروں میں سے ایک ہیں۔