پاکستان

’پنجاب میں موجود نظریاتی بحران کو پیپلز پارٹی ختم کرے گی‘

لوگ پیپلز پارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں، یوٹرن یا شوبازی نہیں صرف عوام کے لیے کام کرتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

چنیوٹ: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں موجود نظریاتی بحران کو ان کی پارٹی ہی ختم کرے گی۔

چنیوٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام چاہتے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی پارٹی ان کا ساتھ دے تاکہ ان کے مسائل حل کیے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان سے انہیں جو محبت ملی ہے اسے وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے، انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں پاکستان کے جس بھی حصے میں پہنچا، وہاں کے عوام نے بھرپور استقبال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جانب دیکھ رہے ہیں، تاہم پنجاب میں نظریاتی بحران کو پاکستان پیپلز پارٹی ہی ختم کرے گی۔

مزید پڑھیں: قصور بے چاری پیپلز پارٹی کا نہیں عوام کا ہی ہے!

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی یوٹرن یا شو بازی نہیں صرف عوام کے لیے کام کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جہاں جارہے ہیں وہاں اپنا منشور پیش کر رہے ہیں اور ایسے میں نظر آرہا ہے کہ عوام چاہتے ہیں کہ اب ان کے مسائل پر بات کی جائے اور ملک میں گالم گلوچ اور الزامات کی سیاست نہ کی جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت کا مقصد جمہوریت کو مضبوط کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کا ’ایک جماعت‘ کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام

بلاول بھٹو زرداری نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے سیاسی سفر کا آغاز ہے اور میں یہ سفر جاری رکھوں گا اور بی بی شہید کے نامکمل مشن کو پورا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کام کو پورا کرنے کے لیے ایک دن درکار نہیں بلکہ اس کے لیے طویل جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اپنی والدہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’عوام سے رشتہ ختم کرنے کی سازش کے تحت ہی بی کو شہید کیا گیا تھا‘۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے اہم رہنما فرحت اللہ بابر بھی ان کے ساتھ تھے۔