پاکستان

انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے خدشات دور کیے جائیں، تحریک انصاف

ایسے لوگ جو اشتعال پھیلا کر انتخابات پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں ان کا احتساب بھی الیکشن کمیشن کو کرنا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کی شفافیت کے اعتبار سے دیگر جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آزاد اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور یہ الیکشن کمیشن کا ہی فرض ہے کہ وہ صحافی اور سیاسی حلقوں میں انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات دور کرنے کے اقدامات کرے۔

یہ بھی پڑھیں: ’انتخابات کے حوالے سے اچھی خبریں موصول نہیں ہورہیں‘

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے یہ الزام لگایا گیا تھا کہ انہیں انتخابات کے سلسلے میں برابری کی سطح پر مقابلے کا میدان میسر نہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور خود ساختہ جمہوریت کے چیمپیئن سمیت کچھ سیاسی جماعتیں انتخابات میں اپنی شکست دیکھتے ہوئے دھاندلی کے کھوکھلے دعووں کے پیچھے پناہ لے رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلم لیگ (ن) اپنے ایمپائروں کے بغیر میدان میں اتری ہے، ای سی پی بتائے کہ یہ عام انتخابات متنازع کرنے کی کوشش تو نہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان غیراخلاقی زبان استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن میں طلب

فواد چوہدری، جو خود بھی جہلم سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں، کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت یہ ای سی پی کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام فریقین کے جائز خدشات دور کرنے کے اقدامات کرے.

تاہم ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے لوگ جو اشتعال پھیلا کر انتخابات پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں ان کا احتساب بھی الیکشن کمیشن کو ہی کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ترجمان تحریک انصاف نے گزشتہ ہفتے پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے ان الزامات کو مسترد کردیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہے، اور کہا تھا کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات ملک کی تاریخ کے سب سے شفاف انتخابات ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا کالعدم تنظیم کے سابق سربراہ سے انتخابات میں حمایت کیلئے رابطہ

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کے رہنما اجمل وزیر اور سابق وزیر اعظم پاکستان محمد خان جونیجو کی صاحبزادی فضا جونیجو نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

دونوں رہنماؤں نے تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے پارٹی میں شامل ہونے پر انہیں خوش آمدید کہا۔

اس کے علاوہ ایک ویڈیو پیغام میں عمران خان نے خیبرپختونخوا کے عوام سے آئندہ عام انتخابات میں بھرپور شرکت کرنے کا کہا۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا انتخابی منشور پیش، عوام سے نئے وعدے

ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو ملک کی تقدیر کا فیصلہ ہوگا، اگر آپ روشن اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں تو پی ٹی آئی کو ووٹ دیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تاریخی انتخابات ہیں اور آپ کی نمائندگی ایک مضبوط پی ٹی آئی حکومت کی ضامن ہو گی۔

عمران خان کامزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنا بنیادی ڈھانچہ تبدیل کرنا ہے، اور اس کے لئے ایک مضبوط حکومت کی ضرورت ہوگی، اور ایک طاقتور حکومت صرف اس صورت میں ممکن ہے جب لوگ باہر نکلیں اور ووٹ دیں۔

ملک میں ہونےو الے دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہارون بلور اور اور مستونگ میں ہونے والے حملے انتہائی دلخراش تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کے انتخابی پوسٹرز پر بھٹو کی تصاویر؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے میں ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کےلئے نہیں جاسکا اور کئی جلسے منسوخ کرنے پڑتے، لیکن میں چاہتا ہوں کہ آپ لوگ اس بات کی اہمیت کو سمجھیں کہ یہ انتخابات آپ کے اورآپ کی آںے والی نسلوں کے لئے بہت اہم ہیں۔


یہ خبر 19 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔