پاکستان

عمران خان غیراخلاقی زبان استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن میں طلب

الیکشن کمیشن کا چار رکنی بینچ 19 جولائی کو صبح 10 بجے کیس کی سماعت کرے گا، نوٹس

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو انتخابی مہم کے دوران غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر 19 جولائی کو طلب کر لیا جس کی سماعت چار رکنی بینچ کرے گا۔

ای سی پی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ انتخابی مہم کے دوران دوسرے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے خلاف غیراخلاقی زبان استعمال کرنے پر نوٹس دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق نوٹس میڈیا میں آنے والی خبروں کی بنیاد پر جاری کیا گیا۔

عمران خان کو نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں یا پھر وکیل کے ذریعے کمیشن کے سامنے پیش ہوں۔

نوٹس کے مطابق عمران خان کو 19 جولائی کو صبح 10 بجے کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے جس کی سماعت الیکشن کمیشن کا 4 رکنی بینچ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:’(ن) لیگ کے انتخابی اشتہار کے ساتھ عمران خان کی تقاریر پر بھی پابندی لگائی جائے‘

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عدم پیشی کی صورت میں معاملے کا فیصلہ ان کی غیر موجودگی میں کرلیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے پارٹی کے ایک اشتہار پر زبان کے استعمال کی وجہ سے پابندی لگائے جانے پر گزشتہ روز پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر پر بھی پابندی عائد کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پیمرا کی جانب سے پارٹی کے ایک اشتہار پر جس زبان کے استعمال کی وجہ سے پابندی لگائی گئی ہے وہی زبان عمران خان پچھلے 5 سال سے اپنے جلسوں میں استعمال کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا تھا کہ ’ہم اس اشتہار پر پابندی کے خلاف شکایت درج کرا رہے ہیں جس میں ہم یہ مطالبہ کریں گے کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے اس اشتہار پر پابندی لگائی جارہی ہے تو عمران خان کی تقاریر پر بھی پابندی لگائی جائے۔‘