پی ٹی آئی کا کالعدم تنظیم کے سابق سربراہ سے انتخابات میں حمایت کیلئے رابطہ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-54 سے انتخابات لڑنے والے امیدوار اسد عمر نے اقوامِ متحدہ کی جانب سے کالعدم قرار دی جانے والی عسکری تنظیم کے سابق سربراہ سے حمایت حاصل کرنے کے لیے رابطہ کرلیا۔
این اے-54 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار انجم عقیل کے حریف امیدوار پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے انصار الاُمہ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن خلیل سے ملاقات کی۔
اس حوالے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر موجود تحریک انصاف کے پیج ’این اے- 54 اسلام آباد‘ نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن خلیل نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا: حرکت المجاہدین دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل
تاہم مولانا فضل الرحمٰن خلیل نے تحریک انصاف میں شمولیت کی سوشل میڈیا رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کریں گے۔