پاکستان

سیاسی مخالفت میں اخلاقیات کا جنازہ

اپنے حریفوں پر تنقید مخالفین کو بے زبان جانور تک کو نشانہ بنانے پر مجبور کرنے لگی۔

ملک میں انتخابی گہما گہمی کے دوران سیاسی جماعتوں اور ان کے حامیوں کی جانب سے اپنی حریف جماعتوں اور رہنماؤں کی مخالفت کا سلسلہ جاری ہے لیکن مخالفت کی حد اس قدر بڑھ گئی ہے کہ لوگ اخلاقیات تک بھول گئے ہیں اور بے زبان جانور تک کو نشانہ بنانے لگے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ کراچی میں پیش آیا جہاں مخالفین نے بے زبان جانور گدھے پر نہ صرف سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ’ نواز ‘ لکھا بلکہ اس دوران گدھے کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر وائرل ہونے والی ان تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح اپنے حریفوں سے بدلہ لینے کی آگ میں گدھے پر تشدد کرکے اسے زخمی کیا گیا۔

گدھے پر تشدد سے اس کی آنکھ کے قریب زخم ہوگئے— فوٹو: بشکریہ فیس بک

تاہم سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے گدھے پر تشدد کرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا، یہی نہیں بلکہ کچھ شہریوں نے اس گدھے کو فوری طبی امداد بھی فراہم کیں جبکہ مختلف لوگوں نے اس تصویر کو پوسٹ کرنے والے فرد سے رابطہ کرکے گدھے کو ریسکیو کرنے کی پیش کش بھی کی۔

فیس بک کی ایک صارف ریما صدیقی نے لکھا کہ یہ دیکھ کر تکلیف ہوئی، اسے فوری طور پر طبی امداد اور اچھا ماحول ملنا چاہیے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ اس جانور کے لیے بہت افسوس ہے، یہ سارہ عمل ظاہر کرتا ہے کہ ہماری قوم نے تعلیم اور برداشت پر کتنا کام کیا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے امید ہے کہ جو بھی اقتدار میں آئے گا وہ باشعور ہوگا لیکن میں ان لوگوں کو، جنہوں نے اس جانور کی مدد کی، انہیں شاباشی دیتا ہوں۔